• news

وزارت صنعت نے کھاد کی بوری 75 روپے مہنگی کرنے کی سفارش کر دی

اسلام آباد (عترت جعفری) وفاقی وزارت صنعت نے کھاد پر سبسڈی میں کمی کرنے اور کھاد کی قیمت میں 75روپے فی بیگ اضافہ کرنے کی سفارش کی ہے اور اس سلسلے میں ای سی سی کو کیس ارسال کردیا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ وزارت صنعت نے مؤقف اختیار کیا ہے اس وقت درآمدی کھاد پر حکومت سبسڈی دے رہی ہے تاہم اس کا بیشتر حصہ مڈل مین اور کمشن ایجنٹس کی نذر ہوجاتا ہے اور کاشتکار اس سے محروم رہتے ہیں۔اس وقت درآمدی کھاد کی لاگت 2334 روپے فی بیگ ہے جسے 1600روپے فی بیگ میں فروخت کیا جا رہا ہے۔ 2010-13 کے عرصہ میں کھاد کی درآمد پر 85بلین روپے کی سبسڈی دی گئی ہے تاہم اس کا کوئی خاص فائدہ نہیں  ہوا۔ 1600 روپے فی بیگ کی بجائے 1675 کردی جائے جبکہ کاشتکار کو منافع اور ٹرانسپورٹ اخراجات شامل کرنے کے بعد 1735روپے فی بیگ میں دستیاب ہو گی۔ وزارت صنعت نے یہ تجویز کیا ہے کہ کھاد کی قیمت میں اضافہ کا فیصلہ آئندہ ربیع کی فصل سے کیا جائے۔ 

ای پیپر-دی نیشن