گولڈ سمتھ کی ساری جائیداد بھی مذہبی رجحان ختم نہیں کر سکتی: فضل الرحمن
پشاور+ ڈیرہ اسماعیل خان (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ گولڈ سمتھ کی ساری جائیداد بھی خیبر پی کے سے مذہبیت ختم نہیں کر سکتی۔ تعلیم پر این جی او کی بات مانی گئی تو صوبائی حکومت جام کر دیں گے۔ نجی ٹی وی کے مطابق فضل الرحمن نے کہا کہ عمران خان اچھے باپ اور خاوند نہ بن سکے اچھے لیڈر کیسے بن سکتے ہیں۔ انتخابی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ضمنی الیکشن میں ٹانک سمیت لکی مروت اور بنوں کے عوام 22 اگست کو اسلام دشمن جماعت کے امیدواروں کو بری طرح مسترد کر کے جے یو آئی سے وابسطہ سالوں پرانے تعلق کو مزید مضبوط بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے اندرونی معاملات اور ان کے اپنے اراکین کے تبصرے اور تحفظات کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں، ہم نے پہلے ہی کہا تھا کہ نااہل لوگوں کے حوالے صوبہ نہ کیا جائے، صوبے کے نااہل چیف ایگزیکٹو کی وجہ سے عوام کو سوائے مسائل، مشکلات اور شرمندگی کے کچھ نہیں مل رہا۔ ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف کو ملنے والی شکست اس حکومت کے خاتمے اور عوام کی خوشحالی کے سفر میں بارش کی پہلی بوند ثابت ہوگی۔