پھولنگر: رقم کے جھگڑے پر زمیندار کے بیٹے نے ڈھولچی کو قتل کردیا
پھولنگر (نامہ نگار) نواحی گائوں بابے والا میں بااثر زمیندار کے بیٹے نے رسم مہندی میں شامل غریب ڈھولچی کو گولی مارکر موت کی نیند سلا دیا ۔مقامی پولیس حسب سابق کئی گھنٹے تاخیر سے پہنچی۔ بتایا جاتا ہے کہ بگھیانہ کلاں کا ڈھولچی محمد نعیم شادی اور مہندی کی تقریبات میں اپنے بھائی کے ساتھ ڈھول بجاکر اپنے والدین اور بھائیوں کا پیٹ پالتا تھا۔ گزشتہ رات وہ بابے والہ میں رسم مہندی میں ڈھول بجا رہا تھا کہ بااثر ذمیندار کے بیٹے عرفان نے اسے پانچ سو کا نوٹ دیا تو نعیم نے اسے بقایا واپس دے دیا مگر عرفان نے کہا کہ تم نے پیسے کم دئے ہیں جس پر نعیم نے اسے تین سو روپے اور دے دیے مگر نعیم نے اس بات کا برا منایا اور نعیم کے چہرے پر گولی مار کر اسے شدید زخمی کردیا نعیم زخمی حالت میں ایک گھنٹہ تک تڑپتا رہا مگر عرفان نے اس کے قریب کسی کو نہ آنے دیا اس طرح وہ تڑپ تڑپ کر دم توڑگیا۔ غریب ڈھولچی جب تڑپ رہا تھا تو کسی نے بھی اس کے بھائی ندیم کی ایک نہ سنی اور وہ اپنے بھائی کو تڑپتا دیکھتا رہا تھانہ صدر پولیس پھول نگر نے مقدمہ درج کرکے نعش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کردی تاہم ملزم پر ہاتھ ڈالنے سے گریزاں ہے۔