وزیر خزانہ کا بجلی مہنگی کرنے کا اعلان
وزیر خزانہ کا بجلی مہنگی کرنے کا اعلان
بجلی اڑھائی سال میں 6 روپے یونٹ مہنگی ہو گی : اسحاق ڈار ۔ وزیر خزانہ کی گورنر سندھ عشرت العباد سے ملاقات، کے ای ایس سی کیلئے رقم دینے کی یقین دہانی۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار صاحب نے جب سے وزارت سنبھالی ہے عوام کو آئے روز کوئی نہ کوئی ایسی بد خبر ضرور سُناتے ہیں اب وزیر موصوف نے عوام کو یہ وارننگ نما خبر دی ہے کہ اڑھائی برس میں بتدریج بجلی کی قیمت میں اضافہ کیا جائے گا اور بجلی کی فی یونٹ قیمت 6 روپے مزید بڑھ جائے گی۔ ایک طرف پوری وفاقی حکومت لوڈشیڈنگ کم کرنے کے نت نئے منصوبوں کے جانفزا اعلانات کر رہی ہے عوام کو بجلی سے بحران سے نجات کا دلاسہ دے رہی ہے اس حساب سے ہونا تو یہ چاہئے کہ 2 یا 3 برس میں بجلی کی پیداوار میں بتدریج اس حد تک اضافہ کیا جائے کہ بجلی کے طلب و رسد میں جو فرق آیا ہوا ہے اسے ختم یا کم کیا جا سکے تاکہ عوام کو ریلیف ملے مگر یہاں معاملہ الٹا نظر آ رہا ہے بجائے بجلی کی پیداوار بڑھانے کے وزیر خزانہ بجلی کے ریٹ بڑھانے کے اعلانات کر رہے ہیں۔ لگتا ہے اس بار مسلم لیگ کے وزرا خود اپنی حکومت کو عوام میں غیر مقبول بنانے پر تُلے ہوئے ہیں ورنہ وہ ایسے عوام کش فیصلہ کیوں کرتے۔