• news

پنجاب میں تمام بچوں کو سکول داخل کرنے کا عزم

پنجاب میں تمام بچوں کو سکول داخل کرنے کا عزم

5 برس میں تمام بچوں کو سکول میں داخلے کا ہدف پورا کریں گے : شہباز شریف، نوجوانوں کو انکا حق دلائیں گے۔ تعلیم پر صرف امرا کے بچوں کا حق نہیں، اپنے پاﺅں پر کھڑا ہونا ہو گا۔ پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات میں تقسیم انعامات سے کی تقریب سے وزیر اعلیٰ پنجاب کا خطاب ! جناب شہباز شریف پنجاب کے تمام بچوں کو سکول داخل کرنے اور تعلیم دلوانے کیلئے جو اقدامات کر رہے ہیں وہ لائق تحسین ہیں، بدقسمتی سے گذشتہ 65 برسوں سے ہماری حکومتوں نے تعلیم جیسے شعبے پر وہ توجہ نہیں دی جس کا یہ مستحق ہے۔ دنیا بھر میں ہر جگہ تعلیم کو خصوصی اہمیت حاصل ہے ملک اور قوم کی ترقی و خوشحالی اسی پر منحصر ہے اس کے باوجود ہمارے ملک میں ابھی تک خواندگی (یعنی دستخط کیلئے اپنا نام لکھنے) کی شرح بمشکل 50 فی صد تک پہنچ سکی ہے جبکہ ہمارے ساتھ آزاد ہونے والے ممالک ہم سے بہت آگے نکل چکے ہیں اب اگر وزیر اعلیٰ پنجاب اسی تندہی اور خلوص کے ساتھ خواندگی کی شرح میں اضافے کیلئے اپنی پوری ٹیم کو متحرک کر دیں۔ سکولوں میں غریب اور مستحق طلبہ و طالبات کو تعلیم کے ساتھ مفت کتابیں، یونیفارم، جوتے اور ایک وقت کا کھانا یا ناشتہ فراہم کر دیں جس طرح ہمارے پڑوسی ملک بھارت میں سکول کے طلبہ کو دیا جاتا ہے تو ایسے والدین جو غربت کی وجہ سے بچوں کے تعلیمی اخراجات نہیں اٹھا سکتے وہ بھی اپنے بچوں کو بخوشی سکول بھیج دیں گے۔ اگر شہباز شریف صاحب نے یہ کام کر دیا تو ان کا نام تادیر عوام کے دلوں پر نقش رہے گا، اس کے علاوہ صوبے میں چائلڈ لیبر کے قانون پر سختی سے عملدرآمد کرائیں اور دکانوں، گھروں، فیکٹریوں اور تعمیراتی کاموں میں بچوں سے کام لینے والوں کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے ان تمام بچوں کو بھی زیور علم سے آراستہ کرنے کے اقدامات کریں تاکہ پڑھا لکھا پنجاب اور روشن پاکستان کا خواب پورا ہو سکے۔

ای پیپر-دی نیشن