روس میں سیلاب کی تباہ کن صورتحال، ایمرجنسی نافذ کر دی گئی‘ ایک لاکھ افراد کا انخلا
ماسکو (این این آئی) روس میں سیلاب کی تباہ کن صورتحال کے باعث ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق روس کے صدر کے ترجمان وکتر ایشایوف نے ایک بیان میں کہاکہ مشرق بعید سائبیریا کے متعدد صوبوں بالخصوص صوبہ آمور اور خبارووسک میں سیلاب کے حالات خراب ہو جانے سے وہاں سے تقریبا ایک لاکھ لوگوں کو نکالنا پڑے گا، 20 ہزار کے قریب لوگوں کو پہلے ہی اپنے گھر چھوڑنے پڑ گئے تھے۔ ان کے مطابق صوبہ آمور میں سیلاب سے پہنچنے والے نقصان کا اندازہ تقریبا 3.2 ارب روبلز کے قریب ہے۔ روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے کہا کہ ملک کے مشرق بعید میں آئے سیلاب کا معاملہ خاصا سنجیدہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ خطے کو شدید نقصان پہنچا انہوں نے خطے کے حکام اور سیلاب کے اثرات سے نمٹنے والوں سے کہا کہ وہ اپنے کام کی رفتار کو کم نہ ہونے دیں۔