• news

کنٹرول لائن : پاکستان صبر کا امتحان نہ لے : انتھونی ۔۔۔ دوستی بس پھر روکنے کی کوشش‘ 12 گرفتار

نئی دہلی (اے ایف پی+آئی این پی+کے پی آئی) بھارت کی جانب سے گیدڑ بھبکیوں اور پاکستان پر الزام تراشیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ بھارتی وزیردفاع اے کے انتھونی نے ایک مرتبہ پھر الزام عائد کیا ہے 5 بھارتی فوجیوں کی ہلاکت میں پاکستان کے خصوصی تربیت یافتہ فوجی ملوث ہیں، ایسے واقعات سے دوطرفہ تعلقات پر منفی اثر پڑے گا، انتھونی نے دھمکی دی پاکستان ایل او سی کے واقعہ میں ملوث فوجیوں کے خلاف سخت کارروائی کرے۔ لوک سبھا میں کنٹرول لائن واقعے پر پالیسی بیان دیتے ہوئے بھارتی وزیر دفاع اے کے انتھونی نے دھمکی دی بھارت کے صبر کو نہ آزمایا جائے۔ پاکستان پر الزام تراشی کرتے ہوئے انہوں نے کہا یہ بات واضح ہے کنٹرول لائن واقعے میں پاک فوج ملوث ہے اور یہ کارروائی اس کے خصوصی دستے نے کی۔ انہوں نے پاکستان سے مطالبہ کیا وہ بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کے واقعے میں ملوث فوجیوں کے خلاف کارروائی کرے اور ان ذمہ داران کے خلاف بھی ایکشن لے جو جنوری میں دو بھارتی فوجیوں کے سرقلم کرنے کے واقعے میں ملوث ہیں۔ بھارتی وزیر دفاع نے کہا ایسے واقعات سے دوطرفہ تعلقات پر منفی اثر پڑے گا۔ یقینی بات ہے اس واقعے کے ہمارے رویوں اور ایل اوسی پر پاکستان کے ساتھ تعلقات پر اثرات پڑیں گے۔ اس لئے پاکستان ہمارے صبر کا امتحان نہ لے۔ انہوں نے کہا کنٹرول لائن واقعات پر چشم پوشی نہیں کی جائے گی۔ آبدوز حادثے میں اٹھارہ نیوی اہلکاروں کی ہلاکت پر اے کے انتھونی کا کہنا تھا بورڈ آف انکوائری کی رپورٹ آنے تک کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔ بھارتی وزیر دفاع اے کے انتھونی نے کہا کنٹرول لائن پر پاکستانی فوج کی طرف سے خلاف ورزیوں پر ہر قدم اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا ہم صبر و تحمل کا مظاہرہ کر رہے ہیں، اسے ہماری نرمی نہ سمجھا جائے۔ انہوں نے کہا ہماری فوج سخت اقدامات سمیت جوابی کارروائی کرتے ہوئے ہر ممکن قدم اٹھائیگی۔آن لائن کے مطابق وزیر دفاع نے کنٹرول لائن پر بھارتی فوج پر حملہ کرکے پانچ فوجیوں کی ہلاکت کا الزام پاکستانی فوج پر عائد کرتے ہوئے کہا پاکستانی فوج کے علم میں لائے بغیر ان کی طرف کچھ بھی نہیں ہوسکتا۔ پاکستانی فوج کی خصوصی ٹیم بھارتی فوجیوں کے قتل میں ملوث ہے۔ انہوں نے کہا فوج کو کنٹرول لائن پر کسی بھی قسم کا موثر جواب دینے کیلئے فری ہینڈ دے دیا گیا ہے۔کے پی آئی کے مطابق بھارتی جنرل نے پاکستان کو دھمکی دی ہے بھارتی علاقوں میں گھس کر فوجیوںکو ذبح کرنے کا مناسب وقت پر کڑا جواب دیا جائے گا۔ راجوری میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے 25انفنٹری ڈویژن کے جنرل آفیسر کمانڈنگ میجر جنرل وی پی سنگھ نے کہا وزیر دفاع و آرمی سربراہ کی طرف سے انہیں واضح ہدایات ملی ہیں کہ حد متارکہ پر پاکستانی گولہ باری کا برابر جواب دیا جائے ۔ انہوں نے کہا مینڈھر میں پاکستانی فوج کی طرف سے بھارتی فوجیوں کے سر کاٹنے یا پونچھ میں 5فوجی جوانوں کو دھوکے سے ہلاک کرنے کا جواب پاکستانی فوج کو وقت آنے پر دیا جائے گا۔ معقول وقت اور موقع دیکھ کر ہم ان حرکتوں کا جواب دیں گے۔ انہوں نے کہا سرحدی علاقوں میں پیدا کئے گئے حالات کی اصل وجہ پاکستانی فوج کی بوکھلاہٹ ہے کیونکہ2010ء کے بعد انڈین آرمی نے حد متارکہ پر در اندازی کی تمام کوششوں کو ناکام بنایا ہے۔ انہوں نے بتایا اس وقت بھی200سے250جنگجو اس پار موجود ہیں جو سرحد عبور کرنے کیلئے تیار بیٹھے ہیں ۔انہوں نے بتایا پاکستان کا یہ دعوی سراسر غلط ہے کہ بھارتی فوج فائر بندی معاہدے کی خلاف ورزی کررہی ہے۔ جی او سی کاکہناتھا پاکستان کو اس طرف جنگجووں کو دھکیلنے کیلئے فائرنگ کی ضرورت پڑتی ہے۔ بھارتی فوج کو یہ ضرورت کیوں پڑ سکتی ہے۔ اے ایف پی کے مطابق  بھارتی پنجاب پولیس نے لاہور دہلی، دہلی لاہور بس سروس کی پاکستان جانے والی بس کو زبردستی روکنے پر انتہاپسند تنظیم کے 12کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔ فرانسیسی نیوز ایجنسی کے مطابق انتہاپسند تنظیم شیوسینا کے کارکن مقبوضہ کشمیر میں 5 بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کیخلاف احتجاج کررہے تھے۔ احتجاج کے دوران شیوسینا کے کارکنوں نے دوستی بس سروس کی ایک بس جو پاکستان جا رہی تھی، اسے روکنے کی کوشش کی جس پر بھارتی پنجاب پولیس نے 12 کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔ بعدازاں گرفتار کئے جانے والے 12 کارکنوں کو پولیس کی گاڑیوں میں لے جایا جانے لگا تو انہوں نے پاکستان کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔

ای پیپر-دی نیشن