• news

نوازشریف کے خطاب کی جھلکیاں

اسلام آباد (ایجنسیاں) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے قوم سے خطاب سے قبل تلاوت کی گئی، قرآنی آیت کا اردو ترجمہ یہ ہے: ’’اللہ رب العزت کے نام سے شروع جو نہایت مہربان ہمیشہ رحم فرمانے والا ہے، اللہ کسی جان کو اس کی طاقت سے بڑھ کر تکلیف نہیں دیتا، اس نے جو نیکی کمائی اس کے لئے اس کا اجر ہے اور اس نے جو گناہ کمایا اس پر اس کا عذاب ہے، اے ہمارے رب اگر ہم بھول جائیں یا خطا کربیٹھیں تو ہماری گرفت نہ فرما، اے ہمارے پروردگار اور ہم پر اتنا بھی بوجھ نہ ڈال جیسا تو نے ہم سے پہلے لوگوں پر ڈالا تھا، اے ہمارے پروردگار ہم پر اتنا بھی بوجھ نہ ڈال، جسے اٹھانے کی ہم میں طاقت نہیں اور ہمارے گناہوں سے درگزر فرما اور ہمیں بخش دے اور ہم پر رحم فرما تو ہی ہمارا کارساز ہے پس ہمیں کافروں کی قوم پر نصرت عطا فرما‘‘ وزیراعظم نے انتخابات میں کامیابی پر قوم کا شکریہ اداکیا۔ ٭ وزیراعظم کا خطاب 55 منٹ جاری رہا، انہوں نے 8 بجکر 6 منٹ پر خطاب کا آغاز کیا اور 9 بجکر ایک منٹ پر اختتام ہوا۔ ٭ وزیراعظم محمد نواز شریف نے ماضی کے حکمرانوں کے برعکس قوم سے خطاب کا متن دیکھ کر پڑھنے کی بجائے تبصراتی انداز میں گفتگو کی۔ ٭ وزیراعظم محمد نواز شریف نے خطاب کے موقع پر گہرے نیلے رنگ کی شیروانی زیب تن کررکھی تھی۔ ٭ پاکستان ٹیلی وژن کے علاوہ تمام نجی ٹی وی چینلز نے بھی معمول کے تمام پروگرام روک کر وزیراعظم محمد نواز شریف کا قوم سے خطاب براہ راست نشر کیا۔ ریڈیو پاکستان سے بھی وزیراعظم کا خطاب براہ راست پیش کیا گیا۔ ٭ اپوزیشن جماعتوں کے ذمہ داران نے وزیراعظم محمد نواز شریف کے قوم سے خطاب کے نوٹس لئے۔ ٭ وزیراعظم کی جانب سے قوم سے خطاب میں نوجوانوں کیلئے روزگار سکیم شروع کرنے کے اعلان پر مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں نے جشن منایا۔ وزیراعظم میاں نواز شریف کے حق میں نعرے بازی کی اور مٹھائی تقسیم کی گئی۔ ٭ مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے وزیراعظم میاں نواز شریف، میاں حمزہ شہباز شریف کی تصاویر اور پارٹی پرچم پکڑ رکھے تھے، اس موقع پر نوجوانوں نے وزیراعظم میاں نواز شریف کے حق میں نعرے بازی بھی کی۔ ٭ وزیراعظم میاں نواز شریف کے قوم سے پہلے خطاب کے دوران لاہور کی اہم سڑکیں سنسان نظر آئیں، مارکیٹوں اور دکانوں پر بھی لوگوں نے وزیراعظم کا خطاب سنا، ہال روڈ سمیت لاہور کی بعض مارکیٹوں اور دکانوں پر دکاندار وزیراعظم کے خطاب کے دوران ’’جیوے جیوے‘‘ نواز شریف کے نعرے لگاتے رہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن