پنجاب میں غیر جماعتی بلدیاتی انتخابات کیخلاف عدالت جائیں گے : عمران خان
لاہور+ پنڈی بھٹیاں+ فیصل آباد (سپیشل رپورٹر + نامہ نگاران+ نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ 11 مئی کو دھاندلی روکنے کی تیاری نہیں تھی، اب ہم ضمنی الیکشن میں پوری تیاری کے ساتھ میدان میں آئینگے، پنجاب میں بلدیاتی انتخابات غیرجماعتی بنیادوں پر منظور نہیں، غیرجماعتی بنیادوں پر بلدیاتی الیکشن کیخلاف عدالت میں جائینگے۔ بجلی، پٹرول مہنگے ہوئے اس میں تبدیلی کہاں ہے، ملک میں مہنگائی دیکھ کر لگتا ہے کوئی تبدیلی نہیں آئی، دو جماعتیں بار بار آزمائی گئی ہیں اور تبدیلی نہیں لاسکیں۔ ضمنی انتخابات میں دھاندلی کا امکان ہے، نئے پاکستان کا آغاز خیبر پی کے سے کردیا گیا ہے۔ اس سونامی کو کوئی نہیں روک سکتا۔ 22 اگست کو عوام بلے پر مہر لگا کر کاروباری اور مفاد پرستی کی سیاست کرنیوالوں کو شکست فاش دینگے۔ پاکستان کو بدلنے کا عزم لیکر گھر سے نکلے ہیں۔ باریاں لینے والے سیاستدان ارب پتی بن گئے، نظریہ اور مفاد پرستی کی جنگ میں نظریہ کو پیسے سے نہیں خریدا جاسکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور کے لکشمی چوک، فیصل آباد، پنڈی بھٹیاں اور میانوالی میں انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لاہور میں خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ 11 مئی کودھاندلی روکنے کی تیاری نہیں تھی اب ہم ضمنی الیکشن میں پوری تیاری کے ساتھ میدان میں آئیں گے۔ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات غیر جماعتی بنیادوں پر منظور نہیں کیونکہ ملک میں 1985ء میں غیرجماعتی انتخابات کے نتیجے میں ملک میں کرپشن میں اضافہ ہوا، خریدوفروخت کی سیاست شروع ہوئی۔ یہ باتیں انہوں نے حلقہ پی پی 142 کے ضمنی الیکشن کے سلسلہ میں لکشمی چوک میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ تمام کارکن ضمنی الیکشن کے حلقوں میں پہنچیں اور دھاندلی روکنے کیلئے کام کریں۔ ضمنی انتخابات کے بعد بلدیاتی الیکشن میں کارکن تیاری کرلیں، ہم غیر جماعتی بلدیاتی الیکشن کو بالکل منظور نہیں کریں گے، حکومت پنجاب کس چیز سے خوفزدہ ہوکر غیرجماعتی بنیادوں پر بلدیاتی الیکشن کروا رہی ہے۔ پنڈی بھٹیاں میں خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا 11 مئی کے الیکشن میں جو دھاندلی کی گئی اس کو جلد میڈیا پر ثبوت کے ساتھ لائیں گے۔ الیکشن کمیشن اور حکمرانوں سے کہا ان کو بھی اللہ تعالیٰ کے سامنے جوابدہ ہونا ہے، اسکو بھی مدنظررکھیں۔ تحریک انصاف کی خیبر پی کے میں مثالی حکومت واضح ہوگی اور عوام دوسرے صوبوں سے فرق محسوس کریں گے۔ جلسہ سے پی ٹی آئی کے امیدوار چودھری شوکت علی بھٹی این اے 103 نے بھی خطاب کیا۔ فیصل آباد میں خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا ہے کہ بڑے بڑے ڈاکوئوں، چوروں کا اپنے دور میں احتساب کریں گے۔ بجلی کی قیمت میں 70 فیصد اضافہ کیا جارہا ہے۔ حکومت کی نااہلی اور بجلی چوری کی وجہ سے بجلی کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔ عوام نیا پاکستان دیکھنا چاہتے ہیں۔ صوبے میں آزاد احتساب کمیشن کا قیام عمل میں لا رہے ہیں تاکہ عوام کی دولت لوٹنے والے مگرمچھوں کو احتساب کے کٹہرے میں لایا جاسکے۔ میانوالی میں خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ شیر کانشان لینے سے کوئی شیر نہیں بن جاتا۔ ذاتی مفادات، جائیدادیں اور اپنی تجوریاں بھرنے والے عوامی نمائندے نہیں ہوا کرتے، کاروباری سیاست کرنے والوں کو عوام پہچان چکے ہیں۔