فاسٹ باﺅلر محمد آصف کی چیئرمین پی سی بی سے ملاقات
لاہور (سپورٹس رپورٹر) آئی سی سی کی جانب سے سپاٹ فکسنگ کیس میں سات سالہ پابندی کے شکار فاسٹ باﺅلر محمد آصف نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو بحالی پروگرام کے تحت اپنی دستیابی سے آگاہ کر دیا۔ گذشتہ روز قذافی سٹیڈیم میں فاسٹ باﺅلر نے اڑھائی گھنٹے تک پی سی بی حکام سے ملاقات میں آئی سی سی بحالی پروگرام کے لئے درخواست دی اور انہیں اپنی دستیابی سے آگاہ کیا۔ محمد آصف نے گذشتہ روز پی سی بی اینٹی کرپشن اینڈ ویجیلینس یونٹ انچارج کرنل اعظم کے علاوہ پی سی بی کے نگران چئیرمین نجم سیٹھی اور چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی سی بی حکام سے ملاقات بہت مثبت رہی اور بحالی کا پروگرام جلد شروع ہو گا ،پی سی بی اس حوالے سے جلد آگاہ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی بحالی پروگرام کے تحت یہ میرا پہلا سیشن تھا اس کے بعد بورڈ حکام جب انہیں بلائیں گے، دوبارہ پیش ہونگا اور آئی سی سی بحالی پروگرام پر پوری طرح عمل کرونگا۔ میری دعا ہے کہ نہ صرف محمد عامر جلد سے جلد بین الاقوامی کرکٹ میں واپس آئے بلکہ تینوں کرکٹروں کی قومی ٹیم میں واپسی ہونی چاہے۔