ریلوے سپورٹس بورڈ کی جنرل کونسل کا اجلاس
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان ریلوے سپورٹس بورڈ کی جنرل کونسل کا اجلاس ریلوے سٹیڈیم گڑھی شاہو میں ہوا جس کی صدارت جنرل مینجر اور صدر ریلوے سپورٹس بورڈ نثار اے گوندل نے کی۔ اس موقع پر جنرل مینجر ریلوے نثار اے گوندل نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان ریلوے کھیلوں کا تاریخی ادارہ ہے جس کے کھلاڑیوں اور آفیشلز نے ریلوے ملکی اور بین الاقوامی طور پر اپنے شاندار کھیل اور کردار کی وجہ سے نام روشن کیا اور سبز ہلالی پرچم بلند رکھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نامساعد حالات کے باوجود اپنی تمام تر توانائیاں صرف کرتے ہوئے ریلوے کی کھیلوں کو بامِ عروج تک پہنچانے کےلئے صرف کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گراس روٹ پر کھیلوں کی ترقی کے لئے گراﺅنڈز اور انڈور ہال کی حالت کو مزید بہتر بنایا جائے گا اور اسکے ساتھ ساتھ انٹر ایریا، انٹر ڈویژن اور ریلوے کے سکولوں میں کھیلیں منعقد کرواکر نیا ٹیلینٹ تلاش کیا جائے تاکہ آنے والے دنوں میں یہ کھلاڑی ریلوے کی ٹیموں کا حصہ بنیں اور اپنے شاندار کھیل سے ریلوے ، ملک اور بین الاقوامی طور پر نام روشن کریں۔ انھوںنے کہا کہ کھلاڑی محنت اور لگن سے اپنی کھیلوں کی طرف توجہ دیں ہم ہر ممکن تعاون کرتے رہیں گے۔ اس موقع پر سیکرٹری سید محمودالحسن ، سپورٹس آفیسر راشد محمود بٹ سمیت ریلوے کی تمام ڈویژنوں کے ڈی ایس، سپورٹس آفیسرز اور ویلفیئر سپورٹس آفیسرز نے شرکت کی۔