• news

ضمنی الیکشن بروقت ہونگے: حساس ترین پولنگ سٹیشنوں کے اندر بھی فوج تعینات ہو گی: سیکرٹری الیکشن کمشن

اسلام آباد+ رپورٹنگ ٹیم+ ایجنسیاں) الیکشن کمشن نے واضح کیا ہے ملک بھر میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کے 42 حلقوں میں ضمنی انتخابات شیڈول کے مطابق 22 اگست کو ہو گا۔ اے پی پی کے مطابق پیر کو الیکشن کمشن میں ضمنی انتخاب کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کے بعد بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری الیکشن کمشن اشتیاق احمد نے کہا سیلاب اور امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ الیکشن کمشن کے ممبران نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کسی حلقے میں انتخاب ملتوی نہیں ہوگا۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس اور سکیورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات ہو گی۔ ملک بھر میں 42 حلقوں میں کل 7606 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں جن میں سے 3080 نارمل، 2686 حساس جبکہ 1840 حساس ترین ہیں۔ حساس پولنگ سٹیشنوں پر فوج پولنگ سٹیشن کے باہر جبکہ حساس ترین پولنگ سٹیشنوں پر اندر اور باہر تعینات ہو گی۔ پریذائیڈنگ افسران کی یہ ذمہ داری ہے وہ انتخابات کے صاف شفاف انعقاد کو یقینی بنائیں اسی لئے انہیں مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات دئیے جاتے ہیں تاہم بعض وجوہات، مجبوریوں یا دباﺅ کی وجہ سے وہ یہ اختیارات استعمال نہیں کرتے۔ اس بار آرمی افسران کو بھی یہ اختیارات دئیے گئے ہیں۔ الیکشن کمشن سیاسی جماعتوں اور عوام کی طرح فوج بھی یہ خواہش رکھتی ہے انتخابات کا انعقاد صاف شفاف ہو۔ 22 اگست کو صاف شفاف انتخابات کا انعقاد ہر صورت یقینی بنائیں گے اور عام انتخابات میں جو معمولی شکایات سامنے آئی ہیں، ان کا بھی ازالہ کریں گے۔ انہوں نے کہا پریذیڈائنگ آفیسر سے ملنے والے غیر حتمی نتائج کا اعلان ریٹرننگ افسران 22 اگست کی شام کو ہی کر دیں گے۔ انہوں نے کہا وزیراعظم کے قوم سے خطاب کے بارے میں کسی سیاسی جماعت یا امیدوار کی جانب سے شکایت موصول نہیں ہوئی کہ اس اقدام سے ضمنی انتخاب پر اثر انداز ہوا جا سکتا ہے ایسی کوئی شکایت موصول ہوئی تو اس کو کمشن زیر غور لائیگا۔ لاہور سے خصوصی رپورٹر کے مطابق قومی اسمبلی کے 16 اور صوبائی اسمبلی کے 26 حلقوں کے ضمنی انتخابات میں انتخابی مہم آج منگل اور بدھ کی درمیانی شب 12 بجے ختم ہو جائے گی۔ این این آئی کے مطابق قائم مقام چیف الیکشن کمشنر جسٹس تصدق حسین جیلانی کی سربراہی میں الیکشن کمشن کا اجلاس ہوا، جس میں سیکرٹری دفاع، وزیر خزانہ، چیف سیکرٹریز، صوبائی چیف الیکشن کمشنرز، چیئرمین این ڈی ایم اے اور چیئرمین نادرا نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس تصدق حسین جیلانی نے کہا سیلاب کے باعث فوج ریڈ الرٹ پر ہے، ضمنی انتخابات میں پاک آرمی کو مطلوبہ تعاون فراہم کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ اجلاس کے دوران محکمہ موسمیات نے اپنی رپورٹ میں الیکشن کمشن کو بتایا ضمنی انتخابات مون سون بارشوں سے متاثر نہیں ہوں گے۔ نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا وزارت دفاع نے این اے 25 ڈی آئی خان میں ضمنی انتخاب ملتوی کرنے کی سفارش کی۔ ذرائع کے مطابق سیکرٹری دفاع آصف یاسین کا کہنا تھا ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردی کے خطرات ہیں، الیکشن ملتوی کئے جائیں۔ اسلام آباد سے خبر نگار کے مطابق انٹیلی جنس رپورٹ دی گئی ڈیرہ اسماعیل خان میں ضمنی الیکشن کے دوران دہشت گردی کا خطرہ ہے جس کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اس معاملے پر نہ صرف صوبائی حکومت بلکہ این اے 25 کے دس امیدواروں سے رابطہ کیا گیا اور سب نے کہا الیکشن ملتوی نہیں ہونے چاہئیں جس پر فیصلہ کیا گیا ڈیرہ اسماعیل خان میں الیکشن ملتوی نہیں ہوں گے۔ جھل مگسی میں الیکشن کے معاملے پر بھی صوبائی حکومت کی مشاورت سے فیصلہ کیا گیا، الیکشن ملتوی نہیں ہوں گے اور موبائل پولنگ سٹیشن قائم کئے جائیں گے۔ پولنگ سٹیشنز کے اندر تعینات فوجی اہلکار کسی گڑ بڑ کی صورت میں پریذائیڈنگ افسران کو نشاندہی کریں گے، متعلقہ پریذائیڈنگ افسر اپنے اختیارات کو استعمال نہیں کرتا تو فوجی جوان اپنے انچارج آفیسر کو صورتحال سے آگاہ کریں گے اور وہ متعلقہ پولنگ سٹیشن پر مداخلت کرکے کارروائی کا مجاز ہو گا۔ انہوں نے کہا اس بار انتخابی نتائج پولنگ ختم ہونے کے بعد ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران مینوئل طریقے سے الیکشن کمشن کو ارسال کردیں گے، عام انتخابات میں کمپیوٹر کے ذریعے نتائج کی ترسیل تاخیر کا باعث بنی تھی۔ سیکرٹری دفاع نے الیکشن کمیشن کو پاک فوج کی جانب سے قیام امن کے لئے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ مزید برآں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے الیکشن کمشن کو تجویز دی ہے سیلاب کی وجہ سے ضمنی انتخاب منسوخ نہ کریں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا فوج کو ضمنی انتخابات میں تعینات کیا جائے۔ لاہور سے خبر نگار کے مطابق الیکشن کمشن نے ضمنی انتخابات کے لئے تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ بیلٹ پیپر، بیلٹ باکس اور دیگر سامان ریٹرننگ افسران کے حوالے کیا جا چکا ہے۔ وقائع نگار خصوصی کے مظابق عدالتوں میں نگرانی کے لئے پولیس کی مزید نفری تعینات کر دی گئی ہے، بیلٹ پیپر و دیگر سامان کل 21 اگست کو پریذائیڈنگ افسران کے سپرد کیا جائے گا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق خیبر پی کے حکومت نے ضمنی انتخابات کے موقع پر فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ بی بی سی کے مطابق ضمنی انتخابات میں فوج کو عدالتی اختیارات دے دئیے ہیں۔ عدالتی اختیارات کے تحت فوجی افسر پولنگ سٹیشن پر ہونے والی دھاندلی یا امن و امان کی صورتحال سے متعلق فوری کارروائی کرنے کا اختیار ہو گا۔ 

ای پیپر-دی نیشن