کراچی: تیز رفتار ٹرین کی زد میں آکر پٹڑی پر کام کرتے 3 مزدور کٹ کر جاں بحق
کراچی (کامرس رپورٹر) لاہور سے کراچی آنے والی تیز رفتار ٹرین کراچی ایکسپریس سے جنگ شاہی ریلوے سٹیشن کی نزدیک پٹری پر کام کرتے ہوئے ریلوے کے 3 مزدور کٹ کر جاں بحق ہو گئے۔ جنگ شاہی سٹیشن کے نزدیک ریلویز کا عملہ گذشتہ رات تخریب کاری کے نتیجہ میں تباہ ہونے والی پٹریوں کی مرمت میں مصروف تھا کہ صبح تقریباً ساڑھے تین بجے لاہور سے آنے والی تیز رفتار کراچی ایکسپریس نے انہیں اپنی لپیٹ میں لے لیا تین مزدور جمعدار محمد ابراہیم، رب دینو اور عبدالشکور ٹرین کی زد میں آکر کٹ گئے۔ لوگوں کے مطابق ٹرین نہ صرف تیز رفتار تھی بلکہ اسکے انجن کی ہیڈ لائٹ بھی بند تھی، کام کرنیوالوں کو یہ اندازہ نہیں ہو سکا وہ کس پٹری پر آرہی ہے۔ مرحومین کی نماز جنازہ جنگ شاہی میں ادا کی گئی جس میں ریلوے ملازمین کی بھاری تعداد اور ریلویز ورکرز یونین کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ ان میں مرکزی صدر منظور احمد رضی اور دیگر شامل تھے۔ انہوں نے اس واقعہ پر گہرے رنج و غم کا اظہار اور ریلوے کے وفاقی وزیر سے مطالبہ کیا کہ مرحومین کی سرکاری فرائض انجام دیتے ہوئے شہید ہوئے ہیں، انکے لواحقین کو کم از کم 10 لاکھ روپے فی کس معاوضہ دیا جائے اور ان کے بیٹوں کو ریلوے میں ملازمت دی جائے۔