• news

عبدالکریم ٹنڈا کو جنرل حمید گل کی سرپرستی حاصل رہی، بھارتی پولیس کا دعویٰ

نئی دہلی (آئی این پی) بھارتی پولیس نے الزام عاید کیا ہے کہ بھارت نیپال سرحد سے گرفتار 40 مبینہ حملوں میں ملوث دہشت گرد اور بھارت کو مطلوب عبدالکریم ٹنڈا عرف قدوس کو آئی ایس آئی کے سابق سربراہ جنرل (ر) حمید گل کی سرپرستی حاصل رہی ہے اور ٹنڈا نے تفتیش کے دوران اس بات کا اعتراف کیا ہے۔ پیر کو بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق نئی دہلی پولیس کی تفتیشی ٹیم نے انکشاف کیا ہے کہ تحقیقات کے دوران مبینہ طور پر کالعدم لشکر طیبہ کے کمانڈر ٹنڈا نے اعتراف کیا ہے کہ جنرل (ر) حمید گل کے ساتھ براہ راست رابطے میں تھے اور انہیں حمید گل کی سرپرستی حاصل رہی ہے۔ ٹنڈا نے تفتیش کے دوران کئی اہم انکشافات کئے ہیں۔ رپورٹ میں پولیس ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ ٹنڈا کی حمید گل سے پہلی ملاقات 1995ءمیں ہوئی اور وہ گرفتاری تک حمید گل سے براہ راست رابطے میں تھے۔ عبدالکریم نے آئی ایس آئی کے دو میجرز کا نام بھی لیا جو اسے بھارت سمگلنگ کے لیے جعلی کرنسی مہیا کرتے تھے۔ ان میں میجر طیب اور میجر الطاف شامل ہیں۔ بھارتی پولیس نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ٹنڈا نے بتایا کہ داﺅد ابراہیم آئی ایس آئی کی مدد سے بھارتی کرنسی کا جعلی نیٹ ورک چلاتے رہے ہیں۔ پولیس کے مطابق ٹنڈا نے یہ بھی کہاکہ جماعت الدعوة کے امیر حافظ محمد سعید نے 1996ءمیں انہیں مظفر آباد میں قائم کیمپ میں تربیت کے لئے بھیجا۔

ای پیپر-دی نیشن