ایاز صادق کا انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کیلئے پارلیمانی کمیٹی سے الگ ہونیکا فیصلہ
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) سپیکر سردار ایاز صادق نے انتخابی دھاندلی کی تحقیقات سے متعلق پارلیمانی کمیٹی سے اپنے آپ کو الگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور کمیٹی کے ارکان سے کہا ہے کہ وہ اس معاملے میں فریق ہیں اس پر ان کی جگہ کسی اور کو کمیٹی کا چیئرمین نامزد کر لیا جائے۔ انہوں نے ارکان سے درخواست کی ہے کہ کمیٹی سے الگ کر دیا جائے۔ پارلیمانی میں عام انتخابات 2013ءدھاندلیوں کی تحقیقات کے بارے طریقہ کار طے کرنے کےلئے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں مسلم لیگ (ن)، تحریک انصاف، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے نمائندوں نے شرکت کی۔ پارلیمانی کمیٹی کے قواعد و ضوابط کو حتمی شکل دیکر انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کے طریقہ کار کو طے کیا جائیگا۔ اجلاس کے حوالے سے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا دھاندلی کی تحقیقات کے طریقہ کار پر غور ہوا ہے۔ 21اگست بدھ کو کمیٹی کا دوبارہ اجلاس ہو گا۔ اپنی اپوزیشن کے پیش نظر میں اجلاس میں خاموش رہا۔ انہوں نے بتایا آئندہ اجلاس میں کمیٹی کے ٹرم آف ریفرنس پر مشاورت ہو گی چونکہ اس معاملے میں فریق ہوں اس لئے کمیٹی سے الگ ہونا چاہتا ہوں۔