کوئٹہ میں بڑی تباہی کا منصوبہ ناکام، ایک لاکھ 84 ہزار کلو بارود برآمد
کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ+ آن لائن+ آئی این پی) فرنٹیئر کور بلوچستان کے عملے نے ملکی تاریخ کی سب سے بڑی کارروائی کرتے ہوئے صوبائی دارالحکومت سمیت بلوچستان کو بہت بڑی تباہی سے بچا کر 1لاکھ 84 ہزار ہزار 480کلو گرام دھماکہ خیز مواد، کیمیکل، ریموٹ کنٹرول، خود کش حملے میں استعمال ہونے والی وائر اور دیگر سامان برآمد کرکے قبضے میں لے کر 10 تخریب کاروں کو گرفتار کر لیا۔ فرنٹیئر کور غزہ بند کے کمانڈنٹ کرنل مقبول احمد نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ فرنٹیئر کور کے عملے نے گزشتہ شب 80ٹن پوٹاشیم کلورائیڈ، امونیم کلورائیڈ قبضے میں لینے کے بعد دوسرے روز بھی کارروائی جاری رکھتے ہوئے سیٹلائٹ ٹائون کے علاقے فاروق اعظم چوک کے قریب پلازے میں واقع گودام سے پوٹاشیم کلورائیڈ 35ٹن، امونیم کلورائیڈ 25ٹن، خود کش حملے میں استعمال ہونے والی بنڈل وائر، سرکٹ وائر 78بنڈل ،ریموٹ کنٹرول آر سی ڈی 36عدد، امونیم نائٹریٹ 250کلو، وڈ مل 80کلو، امونیم پائوڈر 1535کلو، مکسچر 1، 20ہزار کلو گرام مواد سے تیار کئے گئے 80ڈرم دیسی ساختہ بم قبضے میں لے لئے انہوں نے بتایا کہ قبضے میں لئے گئے مواد سے ہزارہ ٹائون جیسے 110بڑے دھماکے کئے جا سکتے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ہزارہ ٹائون میں ہونے والے دھماکے میں 800کلو وزنی مواد استعمال کیا گیا تھا۔ گرفتار افراد میں رئیس خان ولد خیر جان، باز محمد ولد حاجی چری، عبیداللہ ولد عبدالرحیم، عبدالرحیم ولد آدم خان، خدا بخش ولد جرک خان شامل ہیں۔