• news

ضمنی انتخابات : انتخابی مہم ختم‘ امن و امان کی خراب صورتحال پر ڈی آئی خان میں الیکشن متلوی

 لاہور + کراچی + اسلام آباد (خبر نگار + نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) ملک بھر میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی 41 نشستوں پر کل جمعرات کو ضمنی انتخابات ہوں گے‘ متعلقہ حلقوں میں انتخابی مہم گذشتہ رات 12 بجے ختم ہو گئی۔ عمران خان، مولانا فضل الرحمن اور مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں نے اپنے امیدواروں کے درجنوں انتخابی جلسوں سے گذشتہ 48 گھنٹوں کے دوران خطاب کیا، ضمنی انتخابات میں ڈیوٹی دینے والے 21 سو سے زائد ارکان پر مشتمل عملہ آج پولنگ کا سامان لے کر پولنگ سٹیشنوں پر پہنچ جائے گا۔ ضمنی انتخابات میں قومی اور صوبائی نشستوں پر 537 امیدوار حصہ لے رہے ہیں‘ زیادہ نشستیں پنجاب میں ہیں۔ الیکشن کمشن کی ایس ایم ایس سروس بحال کر دی گئی ہے اور ووٹرز 22 اگست تک 8300 پر ایس ایم ایس کر کے پولنگ سٹیشنز کی معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔ لاہور سے خبر نگار کے مطابق لاہور اور فیصل آباد میں قومی اسمبلی کی 2 اور صوبائی اسمبلی کی 4 نشستوں پر ہونے والے تمام پولنگ سٹیشنوں 1093 پر فوج تعینات ہو گی۔ صوبائی الیکشن کمشن نے فوج کی خدمات گذشتہ روز مانگ لیں۔ دونوں شہروں کے 173 پولنگ سٹیشن انتہائی حساس اور 920 کو حساس قرار دیا گیا تھا۔ نوائے وقت نیوز کے مطابق الیکشن کمشن نے ضمنی انتخابات کا سکیورٹی پلان تیار کر لیا۔ الیکشن کمشن کے مطابق عام پولنگ سٹیشن پر 5 سکیورٹی اہلکار تعینات ہونگے جبکہ حساس پولنگ سٹیشن پر کم از کم 7 اور حساس ترین پولنگ سٹیشنز پر 10 سے 20 اہلکار تعینات ہونگے۔ مزید برآں ضمنی انتخابات کے دوران پولنگ بوتھ میں موبائل فون لے جانے پر پابندی لگا دی۔ الیکشن کمشن نے پریذائیڈنگ افسران کو ہدایت دی ہے ووٹ کی رازداری برقرار رکھی جائے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق سندھ میں ضمنی انتخابات کے موقع پر تین دن کے لئے اسلحے کی نمائش پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ آئی این پی کے مطابق اسلام آباد سمیت ملک بھر کے 33 اضلاع میں ضمنی انتخابات کے موقع پر عام تعطیل ہو گی۔ قومی اسمبلی کی 15 نشستوں میں سے تحریک انصاف کی جانب سے 5، مسلم لیگ (ن) اور جمعیت علمائے اسلام کی جانب سے 2 جبکہ مسلم لیگ فنکشنل، پی کے ملی عوامی پارٹی اور آزاد امیدوار کی جانب سے ایک نشست خالی کی گئی۔ حافظ آباد اور ٹھٹھہ کے حلقوں سے کامیاب ارکان کی نشستیں جعلی ڈگری اور دوہری شہریت کیسز میں نااہلیت کے بعد کالعدم قرار دے دی گئیں۔ فیصل آباد، کراچی کے حلقوں میں قتل و غارت اور بم دھماکوں کے باعث عام انتخابات کے موقع پر پولنگ نہ ہو سکی تھی جس کے باعث قومی اسمبلی کی کل 15 نشستوں پر ضمنی الیکشن ہو گا۔ صوبائی اسمبلیوں میں پنجاب اسمبلی کی 15، خیبر پی کے اور سندھ اسمبلی کے 4، 4 جبکہ بلوچستان کے 3 حلقوں میں ضمنی انتخابات ہوں گے۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق الیکشن کمشن نے این اے 25 ڈیرہ اسماعیل حان کا ضمنی الیکشن ملتوی کردیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق ضمنی انتخابات امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث ملتوی کیا گیا۔ این اے 25 کی نشست مولانا فضل الرحمن نے خالی کی تھی۔ انتظامیہ کی رپورٹ پر الیکشن کمشن نے ضمنی انتخابات کو ملتوی کیا ہے۔ این اے 25 پر مقابلہ مولانا فضل الرحمن کے بیٹے اسد محمود اور پی ٹی آئی کے داور کنڈی کے درمیان تھا۔ 

ای پیپر-دی نیشن