• news

بیماری کی خبروں میں صداقت نہیں‘ فٹ ہوں‘ پریس کانفرنس میں حقائق بیان کرونگا: عمر اکمل

لاہور ( سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر اور بلے باز عمر اکمل نے اپنی بیماری کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مکمل فٹ ہیں اور پریس کانفرنس کرکے حقائق بیان کریں گے۔ علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے عمر اکمل نے کہا کہ مجھے کوئی انجری نہیں ہوئی، میں اپنی میڈیکل رپورٹ ساتھ لایا ہوں جس کے مطابق میں مکمل طور پر فٹ ہوں۔ انہوں نے میڈیا سے درخواست کی کہ ان کی بیماری کے حوالے سے غلط خبریں نہ چلائی جائیں کیونکہ اس سے ان کے خاندان والوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ چیئرمین پی سی بی سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس میں اپنی بیماری کی خبریں پھیلائے جانے کے حوالے سے حقائق سامنے لا¶ں گا۔ پی سی بی کے ڈاکٹر سہیل سلیم نے کہا ہے کہ عمر اکمل کو مرگی کا مرض نہیں ہے، ‘فزیکل معائنہ کیا گیا جس میں ایسی کوئی علامت سامنے نہیں آئی ہے ۔ ڈاکٹر سہیل سلیم نے نوائے وقت کے ساتھ خصوصی گفتگو میں بتایا کہ عمر اکمل کا مزید معائنہ کرنے کے لئے احتیاطی طور پر ایم آر آئی کرایا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق عمر اکمل کا ایم آئی آر ٹیسٹ کلیئر آ گیا ہے۔ نوجوان کرکٹر پُرامید ہیں کہ پی سی بی میڈیکل ٹیم آج رپورٹ کا جائزہ لے گی اور فٹنس کے حوالے سے رپورٹ تیار کی جائے گی۔ امکان ہے کہ عمر اکمل آج عبوری چیئرمین پی سی بی سے بھی ملاقات کریں گے اور فٹنس کے حوالے سے رپورٹ کریں گے۔ اگر ان کی رپورٹ ٹھیک آئی تو امکان ہے کہ ان کو دورہ زمبابوے میں ون ڈے سیریز کیلئے روانہ کر دیا جائیگا۔ 

ای پیپر-دی نیشن