قومی کرکٹ ٹیم آج پریکٹس کریگی‘ زمبابوے کو آسان نہیں لینگے: واٹمور
ہرارے+لاہور (نیوز ایجنسیاں+سپورٹس رپورٹر) پاکستانی کرکٹ ٹیم زمبابوے کے ساتھ ٹی 20 اور ون ڈے سیریز کھیلنے زمبابوے کے شہر ہرارے پہنچ گئی ہے۔ کھلاڑی آج کوچنگ سٹاف کی نگرانی میں پریکٹس شروع کریں گے۔ ٹیم کے کپتان محمد حفیظ، اوپنر احمد شہزاد ویسٹ انڈیز سے اور سہیل تنویر آج ٹیم کو جوائن کر لیں گے۔ ان فٹ وکٹ کیپر عمر اکمل کی جگہ زمبابوے کیخلاف قومی ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے ٹیم میں شامل کئے گئے وکٹ کیپر سرفراز احمد گزشتہ رات زمبابوے روانہ ہوگئے۔ رپورٹس کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے زمبابوے ہائی کمیشن کو دو روز قبل سرفراز احمد کے ویزے کے لئے درخواست جمع کرائی تھی جس کے بعد گزشتہ روز ویزہ ملنے پر سرفراز احمد ہرارے روانہ ہوگئے جہاں وہ پہلے ٹی 20 سے قبل قومی ٹیم کو جوائن کرینگے۔ ہرارے (این این آئی) قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ڈیوڈ واٹمور نے کہا ہے کہ زمبابوے کو آسان حریف نہیں سمجھتے اس لئے ہدف صرف کامیابی ہے۔ زمبابوے پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زمبابوے پہنچنے پر بہت خوشی ہو رہی ہے، پاکستان کے کئی کھلاڑیوں کو یہاں کھیلنے کا تجربہ ہے اس لئے ٹیم کو زیادہ مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ زمبابوے آسان حریف نہیں ہے، پوری صلاحیتوں کے ساتھ مقابلہ کریں گے اور ٹیم کا ہدف صرف کامیابی ہے۔زمبابوے کیخلاف ٹیسٹ سکواڈ میں شامل قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ 23اگست سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں شروع ہو گا۔ ٹیسٹ سکواڈ میں شامل خرم منظور، شان مسعود، یونس خان، اظہر علی، فیصل اقبال، عدنان اکمل، وہاب ریاض، احسان عادل اور راحت علی کل جمعرات کو اکیڈمی رپورٹ کریں گے اور اکیڈمی سٹاف کی نگرانی میں پریکٹس کرینگے جبکہ 23 اگست سے باضابطہ ٹریننگ کا آغاز ہوگا۔ ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کھلاڑی 30 اگست کو سیریز میں شرکت کیلئے زمبابوے روانہ ہونگے۔ شیڈول کے مطابق پاکستانی ٹیم 23 اگست کو پہلے ٹی ٹونٹی میچ سے دورے کا آغاز کرےگی۔