• news

کھیلوں کے حوالے سے وزیراعظم کی تشویش ٹھیک ہے : خواجہ ندیم

لاہور (سپورٹس رپورٹر) لاہور سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر خواجہ ندیم احمد نے کہا ہے کہ سکیورٹی کی وجہ سے غیرملکی کرکٹ ٹیموںکے پاکستان کا دورہ نہ کرنے کے بارے میں وزیراعظم محمد نواز شریف کی تشویش بالکل ٹھیک ہیں اور ملک کے امیج کو بہتر بنانے کے لئے ملک میں انٹرنیشنل سرگرمیوں کو بحال کرنے کی سخت ضرورت ہے۔ خصوصی گفتگو میں کرکٹ کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کرکٹ عوامی کھیل ہے اور اسکا پاکستان کے عوام کو متحد رکھنے میں اہم کردار ہے لیکن بدقسمتی کی بات ہے کہ 2009ءمیں سری لنکن ٹیم پر حملہ کے بعد سے دنیا کی کسی کرکٹ ٹیم نے پاکستان کا دورہ نہیں کیا جو کہ ہماری کرکٹ کے لئے اچھی بات نہیں ہے۔ وزیراعظم کی تقریر پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کی ملک کے کھیلوں کے میدانوں کے بارے میں تشویش بلکل صحیح ہے جو کہ انٹرنیشنل ٹیموں کے نہ آنے سے ویران نظر آتے ہیں۔ تمام ریجنل کرکٹ باڈیز ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال کرنے پر وزیراعظم کو مکمل سپورٹ کرنے میں متحد ہیں اور ہم اس سلسلہ میں پی سی بی کو بھی بھرپور تعاون فراہم کرنے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کی کھیلوں میں گہری دلچسپی ہے اور کھیلوں خاص طور پر کرکٹ کی ترقی کے لئے ان کی کوششوں سے ہر کوئی واقف ہے۔ غیرملکی ٹیموں کے پاکستان کا دورہ نہ کرنے کے بارے میں نشاندہی کرکے وزیراعظم نے اس ایشو کو اہمیت دی ہے جس کو ماضی میں زیرغور نہیں لایا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن