• news

مشرف کی انسداد دہشت گردی عدالت پیشی پر سخت حفاظتی انتظامات، سب جیل سے ضلع کچہری تک کرفیو کا سماں

راولپنڈی/ اسلام آباد (عزیز علوی) سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کو بینظیر قتل کیس میں راولپنڈی کی عدالت میں پیشی کیلئے سب جیل چک شہزاد سے لایا اور واپس لے جایا گیا۔ اس موقع پر سب جیل سے ضلع کچہری راولپنڈی تک پارک روڈ، کلب روڈ، اسلام آباد ایکسپریس وے، ائرپورٹ روڈ، عمار چوک اور کچہری روڈ تک عملاً کرفیو کا سماں تھا۔ سڑکوں کی دونوں جانب، اطراف اور قریبی عمارتوں کی چھتوں پر پولیس کمانڈوز اور رینجرز کے مسلح جوان تعینات کئے گئے تھے۔ سابق صدر اپنی سفید لینڈ کروزر میں سوار تھے جبکہ ان کے آگے پیچھے رینجرز، پولیس، ایلیٹ فورس کے کمانڈوز کی گاڑیاں تھیں جگہ جگہ خاردار تار بچھا کر بھی رکاوٹوں میں اضافہ کیا گیا تھا۔ سابق صدر کے قریب میڈیا کو بھی رسائی نہ مل سکی ضلع کچہری میں قریبی عمارتوں کی چھتوں پر بھی مسلح پولیس کمانڈوز سکیورٹی کیلئے لگائے گئے تھے۔ سراغ رساں کتوں، میٹل ڈیٹکٹروں کی مدد سے بھی جگہ جگہ چیکنگ کی گئی ان راستوں پر گاڑیوں کی آمدورفت بھی دور سے ہی روکی گئی تھی۔ 

ای پیپر-دی نیشن