مشرف سے سب جیل میں ملاقاتوں پر پابندی‘آرٹیکل 6 کے تحت مقدمہ تمام اداروں سمیت 480 افراد پر بھی چلایا جائے: ڈاکٹر امجد
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ آن لائن) سابق صدر پرویز مشرف سے سب جیل میں ملاقاتوں پر پابند عائد کر دی گئی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق پرویز مشرف کے پولیٹکل ایڈوائزر سرفراز انجم نے عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ سرفراز کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف کو 5 دن سے کسی سے ملنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ ضلعی انتظامیہ کی اجازت اور سکیورٹی کلیئرنس کے باوجود نہیں ملنے دیا گیا۔ دوسری جانب آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر امجد نے بے نظیر بھٹو قتل کیس میں سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف سمیت چھ افراد پر راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت کی طرف سے فرد جرم عائد کرنے کے فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ نواز شریف حکومت ایف آئی اے کو ساتھ ملا کر مشرف کو پھنسا کر اپنا انتقام لینا چاہتی ہے، اگر عدالت آرٹیکل 6 کے تحت فیصلہ کرتی ہے تو پھر تمام ادارں سمیت 480 افراد کیخلاف بھی مقدمہ چلایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس میں کیا۔