کالاباغ ڈیم مستقبل کے منصوبوں میں شامل‘ اتفاق رائے کے بعد بنے گا : خواجہ آصف
اسلام آباد (این این آئی) کالاغ باغ ڈیم کی تعمیر کو وزارت پانی و بجلی کے مستقبل کے منصوبوں میں شامل کر لیا گیا اس امر کا انکشاف بدھ کو قومی اسمبلی میں وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے چوہدری محمد شہباز بابر کے سوال کے تحریری جواب میں کیا۔ خواجہ محمد آصف کی طرف سے دیئے گئے تحریری جواب میں ایوان کو بتایا گیا کہ مستقبل کے منصوبہ جات کے 6 ڈیموں میں کالا باغ ڈیم کی تعمیر بھی شامل ہے دیگر ڈیموں میں منڈا ڈیم، ٹانک زام ڈیم، باڑہ ڈیم ، اکوڑی ڈیم اور شیزک ڈیم شامل ہیں۔ خواجہ محمد آصف نے بتایا کہ کالاباغ ڈیم منصوبے پر قومی سطح پر اتفاق رائے کے حصول کے بعد تعمیر کا آغاز ہو گا۔ انہوں نے بتایا کہ بلوچستان میں ڈیموں کی تعمیر میں بڑی رکاوٹ مالیاتی دشواریاں اور علاقہ میں سکیورٹی کی موجودہ صورتحال ہے۔