• news

کیپٹن حافظ سرفراز میر شہید حافظ آباد کے رہائشی تھے، چند ماہ بعد شادی ہونے والی تھی

حافظ آباد (نمائندہ نوا ئے وقت) حافظ آباد کے نواحی گائوں جوریاں کے رہائشی 25سالہ آرمی کیپٹن حافظ سرفراز میر  بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہید ہو گئے۔ حافظ سر فراز چار بہن بھائیوں میں  سب سے چھوٹے تھے۔ چھ سال قبل وہ پاک فوج میں لیفٹیننٹ بھرتی ہوئے تھے۔ شہید سرفراز کے والد  چودھری منصب علی ریٹائرڈ صوبیدار میجر ہیں۔ شہید سرفراز کی چند ماہ بعد شادی ہونے والی تھی۔ حافظ آباد کے نواحی گائوں جوریاں کے رہائشی حافظ سرفراز میر2007ء میں آرمی میں بطور لیفٹیننٹ بھرتی ہوئے۔ بہت جلد انہیں کیپٹن کے عہدہ پر ترقی دی گئی۔کیپٹن حافظ سرفراز میر  55فیلڈ رجمنٹ آرٹلری کی جانب سے تین ماہ قبل سیاچن  گئے تھے۔ کیپٹن سرفراز میر کے بھائی ہمایوں میر کا کہنا ہے کہ سیاچن جانے سے پہلے وہ ہمیں مل کر گیا تھا اسکی اپنے ماموں زاد  سے منگنی ہوچکی ہے چند ماہ تک اسکی شادی بھی ہونا تھی انہوں نے کہا کہ انہیں فخر ہے کہ انکے بھائی نے ملک کے لئے جان قربان کی۔ انہوں نے بتایا کہ انکے والد بھی اسی رجمنٹ سے ریٹائر ہوئے تھے۔ انہی کی خواہش پر سرفراز نے بھی پاک فوج جوائن کی۔ شہید سرفراز کے والد کا کہنا ہے کہ ان کا بیٹا حافظ قرآن تھا۔ اس نے جام شہادت نوش کیا مجھے اس پر فخر ہے۔ ان کی دادی، چچا اور دیگر رشتہ داروں کا کہنا ہے کہ انہیں خوشی ہے کہ سرفراز نے وطن کے لئے جان قربان کی ،ہم ملک کے لئے کئی سرفراز قربان کرنے کو تیار ہیں۔ بھارت ہمارا ازلی دشمن ہے اور وہ کئی بار ایسے حملے کرچکا ہے، پاکستان کی حفاظت کے لئے ہم اپنے کئی اور بچے بھی قربان کر دینگے۔

ای پیپر-دی نیشن