• news

پنجاب یونیورسٹی نے بی اے‘ بی ایس سی کے نتائج کا اعلان کردیا‘ طالبات پھر بازی لے گئیں

لاہور (سٹاف رپورٹر) پنجاب یونیورسٹی نے بی اے/ بی ایس سی کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ طالبات نے ایک بار پھر میدان مار لیا ہے اور طالبات پوزیشنیں لینے میں کامیاب ہو گئی ہیں۔ پنجاب یونیورسٹی کے زیراہتمام بی اے/ بی ایس سی کے ہونے والے امتحانات میں مجموعی طور پر 1 لاکھ 34 ہزار 8 سو 80 امیدواروں نے حصہ لیا جن میں سے 50 ہزار 2  سو 81 امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔ امتحان میں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کی مجموعی شرح 37.28 فیصد رہی ہے۔ امتحانات میں پنجاب بھر کے سرکاری کالجز ایک بھی پوزیشن حاصل نہ کر سکے۔ بی ایس سی کی تینوں پوزیشنیں پنجاب کالج کی  طالبات نے حاصل کر لیں جبکہ بی اے کی تینوں پوزیشنیں پرائیوٹ طور پر داخلہ بھیجنے والے امیدوراوں نے حاصل کر لی ہیں۔  پنجاب کالج فار وومن سول لائنز گوجرانوالہ کی بی ایس سی کی طالبہ صدف رولنمبر 21914 نے 800 میں سے 706 نمبر حاصل کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی۔   پنجاب کالج آف سائنس  فیصل آباد کی بی ایس سی کی طالبہ سعدیہ نواز رولنمبر 15142  نے 699  نمبر لے کر دوسری پوزیشن حاصل کی،    پنجاب کالج آف سائنس سیالکوٹ کی بی ایس سی کی طالبہ گلفام شہزادی رولنمبر 124414 نے 684 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ کی بی اے کی پرائیویٹ طالبہ ماریہ نواز رولنمبر 18736نے 669 نمبر لے کر بی اے میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔  دوسری پوزیشن لاہور کے پرائیویٹ امیدوار محمد فہد ارشد رولنمبر 84208 نے 666 نمبر لے کر حاصل کی جبکہ گوجرانوالہ کی پرائیویٹ امیدوار چاند حیات بی بی رولنمبر 20204 نے 664 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ علاوہ ازیں الرازی ہال نیو کیمپس میں پوزیشن ہولڈرز کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پنجاب یونیورسٹی کے قائمقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر لیاقت علی نے کہا ہے کہ قرآن میں بار بار علم حاصل کرنے پر زور دیا گیا ہے اور دنیا میں وہی اقوام کامیاب ہیں جنھوں نے علم پر توجہ دی ہے۔ اس موقع پر ایڈیشنل رجسٹرار اورنگ زیب عالمگیر، ایڈیشنل کنٹرولر احمد علی چٹھہ، قائمقام خزانہ دار رائو محمد شریف، ڈپٹی کنٹرولر امتحانات خرم عنایت، مختلف شعبہ جات کے سربراہان، پوزیشن ہولڈرز کے رشتہ دار اور شعبہ امتحانات کے دیگر افسران موجود تھے۔ ڈاکٹر لیاقت علی نے کہا کہ جب تک مسلمانوں نے علم کا دامن تھامے رکھا دنیا میں حکمران رہے اور علم سے دوری ہی مسلمانوں کے زوال کا باعث ہے۔ انہوں نے کہاکہ شہباز شریف کا جہالت سے آزادی کا عزم قابل تحسین ہے۔ انہوں نے اپنے پچھلے دور حکومت میں بھی بہترین تعلیمی سکیمیں شروع کیں اور تعلیم کے لئے بجٹ میں اضافہ کیا۔ انہوں نے وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران کی جانب سے اعلان کیا کہ پوزیشن ہولڈر طلباء و طالبات کو پنجاب یونیورسٹی میں مفت تعلیم فراہم کی جائے گی۔ اس موقع پر انہوں نے تمام امتحانی عملے کی حوصلہ افزائی کے لئے حسب معمول 2 لاکھ روپے کا بھی اعلان کیا۔ 

ای پیپر-دی نیشن