چمن ریلوے سٹیشن پر بم دھماکہ ‘ ٹکٹ گھر تباہ‘2 افراد جاں بحق ‘17 زخمی
چمن (نیٹ نیوز) بلوچستان کے افغان سرحد سے متصل شہر چمن میں ریلوے سٹیشن پر گزشتہ روز بم دھماکے میں 2 افراد جاں بحق 17 شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں۔ ڈپٹی کمشنر قلعہ عبداللہ داﺅد خلجی نے بی بی سی کو بتایا کہ بم ایک موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا تھا جو ٹکٹ گھر کے قریب کھڑی کی گئی اور بم کو ریموٹ کنٹرول سے اس وقت چلایا گیا جب ٹرین روانہ ہونیوالی تھی۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکے سے ٹکٹ کیبن تباہ ہوگیا جبکہ ارد گرد کھڑی گاڑیوں موٹرسائیکلوں کو بھی نقصان پہنچا اور سٹیشن پر افراتفری پھیل گئی۔ امدادی ٹیمیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے ریلوے سٹیشن کو گھیرے میں لے لیا اور مرنیوالوں، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔ زخمیوں میں 8 کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے جنہیں کوئٹہ منتقل کر دیا گیا۔ واضح رہے کہ اس دھماکے کی ذمہ داری رات گئے تک کسی گروپ یا تنظیم نے قبول نہیں کی تاہم بلوچ علیحدگی پسندوں پر شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے جو پہلے بھی اس طرح کے حملے کر چکے ہیں۔ واضح رہے کہ یہ واقعہ ایسے وقت ہوا جب چمن کے علاقے قلعہ عبداللہ میں آج ضمنی انتخابات ہورہے ہیں۔ دریں اثناءصدر آصف علی زرداری وزیراعظم نوازشریف نے چمن ریلوے سٹیشن پر بم دھماکے کی شدید مذمت اور بے گناہ انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو ہر ممکن بہتر طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے بھی دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایسے بزدلانہ اور وحشیانہ کارروائی قرار دیا اور کہا بم دھماکے کرنیوالے پاکستانی قوم کے عزم اور جذبے کو شکست نہیں دے سکتے۔ انہوں نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیدیا۔ وزیرریلوے کی ہدایت پر آئی جی ریلوے پولیس چمن پہنچ گئے۔