پاکستان کو رواں سال 1.5 ارب ڈالر دینگے: ورلڈ بنک‘ جاپانی سرمایہ کار بھاشا اور دیگر ڈیموں میں سرمایہ کاری کریں: وزیراعظم
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان جاپان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ دونوں ممالک کو کئی دہائیوں سے جاری تعلقات کو مزید بلندیوں تک لے جانے چاہئیں۔ وزیراعظم نے یہ بات جاپانی وزیر اعظم کے خصوصی ایلچی تارو کمورا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم نے کہا کہ جاپان پاکستان کا قابل قدر ترقیاتی اور تجارتی پارٹنر ہے۔ پاکستان جاپان کی طرف سے خصوصی اقتصادی زون سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرے گا۔ بیرونی دنیا سرمایہ کاری کرے، پاکستان کی خطے میں اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا، افغانستان میں امن کوششوں میں کردار ادا کرتے رہیں گے، پاکستان جاپان کو دوطرفہ تجارت بڑھانے کے لئے اقدامات کرنے چاہئیں۔ دوطرفہ تجارت اس وقت 2.1 بلین ڈالر ہے تجارتی توازن کو درست کرنا چاہئے جو اس وقت شدید طور پر پاکستان کے خلاف ہے۔ جاپان پاکستان سے درآمدات کو بڑھائے۔ پاکستانی ٹیکسٹائل کے لئے ٹیرف میں کمی لائی جائے۔ توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کرے۔ وزیراعظم نے کہا جاپانی سرمایہ کاروں یا امدادی اداروں کی طرف سے دیامر بھاشا ڈیم، کرم تنگی ڈیم، منڈا ڈیم اور دیگر چھوٹے و بڑے ڈیموں کے منصوبوں میں سرمایہ کاری سے توانائی کی قلت پر قابو پانے میں معاونت کو سراہا جائے گا۔ سائنس ٹیکنالوجی میں بھی تعاون چاہتے ہیں۔ وزیراعظم سے نیپال کے وزیر خزانہ شنک پرشاد کوئرالہ کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نیپال کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔ مشترکہ اقتصادی کمیشن کے اجلاس سے تجارت بڑھانے اور معاشی مواقع سے استفادہ کا موقع ملے گا۔ پاکستان ترقی کے لئے نیپال کی مالی و تکنیکی معاونت جاری رکھے گا۔ وزیراعظم نے توقع ظاہر کی دونوں ممالک آزادانہ تجارت کے سمجھوتے کے لئے پیش رفت کریں گے۔ انہوں نے یہ توقع بھی ظاہر کی نیپال حکومت ملک بدری‘ فضائی خدمات‘ تجارت‘ باہمی قانونی امداد کے شعبوں میں ایم او یوز کو جلد حتمی شکل دے گی۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ پاکستان نیپال کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے جو باہمی احترام اور علاقائی و عالمی معاملات پر یکساں موقف پر مبنی ہیں۔ وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ پاکستان نیپال مشترکہ اقتصادی کمیشن کے اجلاس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور اقتصادی تعلقات بڑھانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے نیپال کی اقتصادی ترقی کیلئے مالی اور تکنیکی تعاون جاری رکھنے کا اعادہ کیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے تجارتی ایوان پاکستان اور نیپال کے درمیان تجارتی تعلقات بڑھانے میں موثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔ وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک آزادانہ تجارتی معاہدے پر پیش رفت کریں گے۔ پاکستان نیپال کے ہونہار طلبہ کو میڈیسن اور انجینئرنگ کے شعبوں میں وظائف فراہم کرتا رہے گا۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے ملک کی مجموعی تعمیر و ترقی کے لئے عالمی بینک کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ عالمی ادارہ ملک میں ترقیاتی منصوبوں کے لئے اپنی معاونت جاری رکھے گا۔ انہوں نے یہ بات عالمی بینک کے نائب صدر برائے جنوبی ایشیا فلپی لی ہوایرو اور کنٹری ڈائریکٹر رچرڈ بن مسعود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم نے کہا کہ کئی سال سے عالمی بینک نے پاکستان کی مجموعی ترقی کے لئے کاوشیں کی ہیں، اس وقت پاکستان کو توانائی کے بحران کا سامنا ہے، عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لئے اس شعبے میں عالمی بینک کی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کیا جائے گا۔ وزیر خزانہ اسحق ڈار بھی ملاقات میں موجود تھے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف سے ایشیائی ترقیاتی بنک کے وفد نے بنک کے نائب صدر ژیاﺅ چاﺅ کی سربراہی میں ملاقات کی۔ وزیراعظم نے پاکستان میںعوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں کیلئے ایشیائی ترقیاتی بنک کے تعاون کو سراہا اور اس یقین کا اظہار کیا کہ بنک تعلیم، صحت اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں تعاون جاری رکھے گا۔ وزیراعظم نے کہا نومنتخب حکومت ملک کی معیشت بہتر بنانے پر توجہ دے رہی ہے اور عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے تمام کوششیں کی جائیں گی۔
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) ورلڈ بینک نے پاکستان کی بند امداد کھولنے کا فیصلہ کیا ہے اور رواں مالی سال میں 1.5 ارب ڈالر دینے کا عندیہ دیا ہے۔ اس بات کا عندیہ ورلڈ بینک کے وفد نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات میں دیا۔ ورلڈ بینک کے وفد کی قیادت نائب صدر فلپ ڈی ہورو کررہے تھے۔ وزیر خزانہ نے ورلڈ بینک کے وفد کو تفصیلی بریفنگ دی۔ نائب صدر ورلڈ بینک نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ حکومت کے اقدامات سے مطمئن ہیں۔ ورلڈ بینک پاکستان کے ساتھ بہتر تعلقات کو نئے مرحلے میں لے جانا چاہتا ہے۔ دیامر بھاشا ڈیم کے لئے امداد اے ڈی بی کی سٹڈی رپورٹ کے بعد دی جائے گی۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد نے نائب صدر ژیاﺅ ژاﺅ کی قیادت میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال سے ملاقات کی۔ اس موقع پر احسن اقبال نے کہا کہ دنیا ہتھیاروں کی جنگوں کی جگہ تجارتی اور معاشی جنگوں کی سوچ پر دنیا عمل پیرا ہے۔ ملاقات میں دونوں شخصیات نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان جغرافیائی طور پر خطہ میں وسطی ایشیا ریاستوں سمیت خلیجی ریاستوں اور دیگر ممالک تک رسائی و راہداری کے لئے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ ان ممالک کے ساتھ تجارت کے فروغ اور معاشی ترقی کے لئے اس اہمیت کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ وزیراعظم نواز شریف ان راہداریوں کو علاقائی تجارتی تعاون اور فروغ کے لئے ایک جامع سوچ رکھتے ہیں۔ اس حوالے سے پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو فروغ دیا جارہا ہے۔ پاکستان اور چین کے درمیان تجارتی فروغ کے لئے شاہراہ ریشم کو وسطی ایشیا اور خلیجی ریاستوں کے درمیان تجارتی راہداری کے لئے شاہراہ ریشم اور سمندری راستوں کو فروغ دیا جارہا ہے۔ ان تعمیراتی منصوبوں کی تکمیل سے پاکستان اور چین سمیت وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات کو نہ صرف فروغ ملے گا بلکہ یہ ممالک ایک دوسرے کے قریب آئیں گے۔ اب وقت تبدیل ہوگیا ہے۔ اب بہبود اور ترقی کی سوچ کو پروان چڑھایا جارہا ہے۔ ہمیں صرف توانائی کے بحران کا سامنا نہیں بلکہ ہمیں توانائی کی سپلائی کے نظام میں بھی مسائل کا سامنا ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے نائب صدر زیاو یو ژاﺅ نے ملاقات میں پاکستان میں تجارت کےلئے جدید عالمی معیار کے مطابق انفراسٹرکچر کی تعمیر اور سیاحت کے فروغ سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری اور تعاون کی فراہمی میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔