• news

لاپتہ افراد کی بازیابی تک عدالت چین سے نہیں بیٹھے گی‘ معاملات آئین کے مطابق نمٹانا ہونگے: سپریم کورٹ

اسلام آباد(آن لائن) سپریم کورٹ نے ملیر کراچی سے لاپتہ افراد کا مقدمہ سندھ ہائیکورٹ میں زیرسماعت ہونے جبکہ اظہر اور لکی مروت کے حراستی مرکز میں عزیز احمد خان کے مل جانے پر دونوں کے مقدمات نمٹادئیے جبکہ جسٹس جواد ایس خواجہ نے ریمارکس دئیے ہیں کہ تمام لاپتہ افراد کی بازیابی تک عدالت چین سے نہیں بیٹھے گی، تمام معاملات آئین و قانون کے مطابق ہی نمٹانے کی اجازت دیں گے۔ انہوں نے یہ ریمارکس گزشتہ روز دئیے۔ چیف جسٹس افتخار چودھری کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ ملیر کراچی کے ایس پی انوسٹی گیشن عباس رضوی نے عدالت کو بتایا کہ لاپتہ اظہر کا کیس سندھ ہائیکورٹ میں بھی زیر سماعت ہے اس پر عدالت نے معاملہ سندھ ہائیکورٹ پر چھوڑتے ہوئے کیس نمٹادیا جبکہ دوسرے عزیز احمد خان لاپتہ کیس میں ایڈیشنل اٹارنی جنرل عدالت کو بتایا کہ عزیز احمد خان لاپتہ افراد کی فہرست میں شامل نہ کیا جائے کیونکہ یہ شخص لکی مروت کے حراست مرکز میں موجود ہے۔ اس پر عدالت نے کہا کہ اب چونکہ یہ شخص مل چکا ہے حراستی مرکز میں زیر حراست ہونے کا معاملہ قدرے مختلف ہے اسلئے یہ کیس بھی نمٹایا جاتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن