گوجرانوالہ:سوئی گیس ٹیموں کا کریک ڈاﺅن، 53 فیکٹریوں کے کنکشن منقطع
لاہور(نامہ نگاران) گوجرانوالہ میں محکمہ سوئی گیس کی چھاپہ مار ٹیموں نے ایک بڑے کریک ڈاﺅن کے دوران 53سے زائد فیکٹریوں کے کنکشن منقطع کر کے انکے میٹر رزلٹ کیلئے لاہور لیبارٹری بھجوادیئے ہیں جبکہ دوران ایکشن 4سے زائد جگہوں پر بااثر افراد نے ٹیم ارکان کے ساتھ ہاتھا پائی کے ساتھ ساتھ سنگین نتائج بھگتنے کی دھمکیاں بھی دیں جبکہ متعدد مالکان کے خلاف اندراج مقدمات کیلئے متعلقہ تھانوں میں بھجوادی گئی ہیں یہ کریک ڈاﺅن سینئر ریجنل جنرل منیجر میاں محمد پرویز کی خصوصی ہدایت پر چیف انجینئر اپریشنل چوہدری قیصر مسعود کی براہ راست نگرانی میں ایگزیکٹو انجینئر محمد شکیل صدیقی ،چوہدری حسن گجراور دیگر سٹاف پر مشتمل چھاپہ مارٹیموں نے کیا۔ اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری بھی موجود تھی کریک ڈاﺅ ن میں زیادہ تر کمرشل کنکشن محکمانہ قوانین کی خلاف ورزی اور غیر قانونی طور پر ڈھلائی کی بھٹیاں چلانے والے کارخانوں اور فیکٹریوں کے منقطع کر کے قبضے میں لئے گئے ہیں جبکہ متعدد کے میٹر ابتدائی رپورٹ کے مطابق مشکوک پائے گئے تھے جن کے خلاف ایکشن ہوا ان میںشاہین آباد میں محمد خالد ،محمد ریاض ،نوشہرہ سانسی روڈ پر محمد افضل ،اسٹیٹ نمبر 2میں محمد عباس ،شیخوپورہ روڈ پر عبد الرحمن وغیرہ اور دیگر درجنوں شامل ہیں۔ فیسکوکی ٹیم نے پا ک آئس فیکٹری تاندلیانوالہ پر چھا پہ ما رکر ڈائریکٹ بجلی کی تاریں لگا کر چوری کرتے ہو ئے پکڑ لیا جس میں واپڈا تاندلیانوالہ کا ایک اہل کار بھی شامل ہے جو ایک عرصہ سے اس آئس فیکٹر ی کو ناجائز طو ر پر بجلی فراہم کرنے میں مدد کرتا تھا۔پو لیس نے آفیسر آپریشن فیسکو ایس ڈی او محمد عارف کی درخواست پر 9 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ڈسکہ سے نامہ نگار، نمائندہ خصوصی کے مطابق موضع کانواں لٹ میں رفاقت عرف بگو ڈائریکٹر تاریں لگا کر بجلی چوری کر رہا تھا کہ ایس ڈی او رانا محمد صدیق نے چھاپہ مار کر رنگے ہاتھوں پکڑ کر تھانہ موترہ میں الیکٹرک سٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کروا دیا۔ بھیرہ سے نامہ نگار کے مطابق بجلی چو روں کے خلاف چلائی گئی مہم کے دوران سب ڈویژنل ٹاسک فورس سردار پو ر نون نے ایس ڈی او ملک سجاد سلطان کی قیادت میں چھاپے مارکر بی شاہ بالا کے بجلی چوروں ضررارشاہ ،غلام حسین شاہ ،حیدرشاہ ،سید احمد شاہ قصبہ کہو ٹ کے فیصل حیا ت ،عمردراز کالو نی کے محمد اعظم اور سرجہ کو ڈائرکٹ سپلائی سے بجلی چوری کر تے ہو ئے رنگے ہاتھو ں پکڑ کرلیا ۔مبینہ بجلی چوروں کے خلاف پولیس نے مقدمات درج کر لئے ہیں۔پیر محل سے نامہ نگار کے مطابق واپڈا مانیٹرنگ ٹیم نے گاﺅں 320گ ب کے محمد جاوید اقبال کو بجلی چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا ۔تھانہ پیرمحل پولیس نے ایس ڈی او راﺅ عابد علی کی تحریری درخواست پر بجلی چور کے خلاف مقدمہ کا اندراج کر کے کاروائی شروع کر دی تھی۔کمالیہ سے نامہ نگار کے مطابق تیس سال سے ملک کی بڑی فیکٹریوں میں بجلی چوری کے لیے الیکٹرانک آلات اور ریمورٹ نصب کرنے والا بین الصوبائی بجلی چور کو پیر محل میں رنگے ہاتھوں ایکسیئن واپڈا محمد افضل کاٹھیہ نے گرفتار کرلیا جس کے نتیجے میں ملک بھر میں اربوں روپے کی چوری کا انکشاف ہوا ہے۔