آئین کو تسلیم کرنیوالے دہشت گردوں سے بات ہوسکتی ہے:احسن اقبال
لاہور( این این آئی+اے پی پی) وفاقی وزیر برائے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے کہا ہے کہ بیرونی اشاروں پر انتشار پیدا کر نے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے اور اسکے لئے سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائیگا،پاکستان کے آئین کو تسلیم کرنیوالے دہشتگردوں سے بات ہو سکتی ہے‘ پاکستان اور بھارت کو اپنے عوام کی خاطر میدانی جنگ کی بجائے تجارتی جنگ لڑنی چاہیے تاکہ خطے میں اقتصادی مواقع پیدا ہوں۔ حالیہ پاکستان بھارت کشیدگی کے معاملے کا کابینہ کی دفاعی کمیٹی کی طرف سے جائزہ لیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل سکول آف پبلک پالیسی اور ہاورڈ یونیورسٹی کے مابین اکنامک ریسرچ کے معاہدہ پر دستخطوںکی تقریب سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے کیا۔ احسن اقبال نے کہا ہمیں اگلے 40برسوں کی حکمت عملی طے کرنا ہو گی۔