پاکستانی عسکریت پسند بھارت پر حملوں کیلئے ہماری سرزمین استعمال نہیں کررہے‘ سری لنکن فوج‘ بھارتی الزام مسترد
کولمبو (آن لائن) سری لنکن فوج نے ایسی تمام رپورٹوں کو بے بنیاد قرار دے کر مسترد کردیا کہ پاکستانی عسکریت پسند بھارت میں دہشت گرد حملوں کیلئے سری لنکا کی سرزمین استعمال کر رہے ہیں۔ سری لنکن فوج کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل جگاتھ جے سوریا نے کہا کہ بھارتی میڈیا کی رپورٹیں بے بنیاد ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ پاکستان سے تربیت یافتہ عسکریت پسند جنوبی بھارت پر حملوں کے لئے سری لنکا کی سرزمین استعمال کر رہے ہیں۔سری لنکا کے ا خبا ر کولمبو گزٹ‘‘ کے مطابق سری لنکن فوج نے بھارتی میڈیا کی ایسی تمام رپورٹوں کو مسترد کردیاہے۔ گزٹ لکھتا ہے کہ بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ مہاراشٹر پولیس نے مرکزی انٹیلی جنس ایجنسیوں سے موصول دہشت گردی کے خلاف الرٹ جاری کی کہ پاکستان سے تربیت یافتہ آٹھ عسکریت پسند سری لنکا سے جنوبی بھارت پر حملوں کے لئے داخل ہو سکتے ہیں۔بھارتی مرکزی وزارت داخلہ نے الرٹ جاری کی تھی کہ چار دہشت گرد پنجابی جب کہ باقی کشمیری یا پٹھان ہیں جو تامل ناڈو میں مادورائی کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ لشکر طیبہ بھارت پر حملے کر سکتی ہے اور آٹھ مشتبہ عسکریت پسند پاکستان سے تربیت یافتہ ہو سکتے ہیں۔ تاہم آج سری لنکن فوج نے بھارتی اخبار کی اس رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے بے بنیاد قرار دیا ہے۔