نوازشریف کی خورشید شاہ سے ملاقات : چیئرمین نیب کیلئے حکومت‘ اپوزیشن کا نئے نام دینے پر اتفاق
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے وزیراعظم نواز شریف اور قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کے درمیان چیئرمین نیب کے لئے حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے دو، دو نئے نام پیش کرنے پر اتفاق رائے ہو گیا ہے۔ اسی طرح جسٹس (ر) رانا بھگوان داس اور خواجہ ظہیر کا نام ڈراپ بھی کر دیا گیا ہے۔ جمعرات کو نواز شریف نے اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ سے ان کی رہائش گاہ پر جا کر ملاقات کی اور ان کی بہن کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔ وفاقی وزیر خزانہ سنیٹر اسحاق ڈار بھی ان کے ساتھ تھے۔ اس موقع پر اپوزیشن لیڈر اور وزیراعظم کے درمیان چیئرمین نیب کیلئے دیئے گئے دو نام جسٹس (ر) رانا بھگوان داس اور خواجہ ظہیر کا نام ڈراپ کرنے پر اتفاق ہو گیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر کی تقرری پر بھی اتفاق رائے ہو گیا۔ نواز شریف نے حزب اختلاف کو یقین دہانی کرائی ہے کہ قومی احتساب بیورو اور الیکشن کمشن کے سربراہوں کی تقرریاں ان کی مشاورت کے نتیجے میں ہونگی۔ ان معاملات پر اپوزیشن سے بامعنی اور بامقصد مشاورت کی جائیگی۔ ذرائع کے مطابق غیررسمی ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔