• news

31اگست سے سونے کی درآمد پر پابندی ختم ہو جائیگی، اقتصادی رابطہ کمیٹی کا فیصلہ

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) اقتصادی رابطہ کمیٹی نے نظرثانی شدہ سکیم کے تحت سونے کی درآمد کی منظوری دے دی ہے۔ واضح رہے کہ ای سی سی نے 30 دنوں کے لئے وزارت کامرس کی سکیموں کے تحت سونے کی درآمد پر پابندی لگائی گئی تھی۔ اور یہ کہا تھا ان سکیموں سے ناجائز فائدہ اٹھایا جا رہا ہے۔ پابندی 31 اگست سے ختم ہو جائے گی۔ نظرثانی شدہ سکیم کے تحت کوئی ایک پارٹی کی طرف سے سونے کی درآمد 25کلو گرام تک محدود رہے گی اور یہ ریوالونگ بنیادی پر ہو گی۔ سونے کی درآمد کے 130دن کے  اندر زیورات کو برآمد کرنا پڑے گا۔ اس سے قبل یہ میعاد 180 دن تھی۔ درآمدی سونے کی مقدار کو متعلقہ ملک کے قانونی حکام کے پاس نوٹ کرانا پڑے گا اور اس کی تصدیق پاکستانی مشن کرے گا۔ درآمدی سونے سے تیار کردہ زیورات کی مختلف اقسام کے لئے ویلیو ایڈیشن کی شرح کو بڑھایا گیا ہے۔ یہ اب مختلف زیورات کے لئے 4فیصد سے 12فیصد اور 13فیصد ہو گی۔ ائر پورٹ پر زیورات کی اچانک پڑتال کی جا سکے گی۔ ٹی ڈی سی پی میں اعلیٰ سطح کے افسر ہی رجسٹریشن کی درخواست پر کارروائی اور درآمد و برآمد کا اختیار دینے کے مجاز ہوں گے۔ نظرثانی شدہ سکیم کے قواعد کا اطلاق اس سونے پر نہیں ہو گا جو معمول کی درآمد کے طریقہ کار کے تحت منگوایا جاتا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ اجلاس میں وزارت صنعت کی طرف سے پاکستان سٹیل ملز کے بارے میں ایک سمری پر غور موخر کر دیا گیا ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن