گوجرانوالہ: نہم کے ناقص نتائج، 70 ہزار طلبہ داخلوں سے محروم
گوجرانوالہ: نہم کے ناقص نتائج، 70 ہزار طلبہ داخلوں سے محروم
گوجرانوالہ (فرحان راشد میر سے ) جماعت نہم میں ناقص نتائج کے بعد ہزاروں طلبہ پر سرکاری سکولوں کے دروازے بند کردئیے گئے۔ اساتذہ نے دو سے زائد مضامین میں فیل طلبہ کو کلاس میں بٹھانے سے انکار کردیا۔ ضلع بھر میں70 ہزار سے زائد طلبہ کا تعلیمی سلسلہ منقطع ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔گذشتہ روز جماعت نہم کے نتائج کا اعلان کیاگیا تھا جس میں سوا لاکھ سے زائد امیدوار فیل ہو گئے تھے جن میں بڑی تعداد سرکاری سکولوں کے طلبہ کی ہے۔ جس کے بعد پہلے روز ہی اساتذہ نے دو سے زائد مضامین میں فیل ہونے والے طلبہ کو گھروں کو واپس بھیج دیا۔70 ہزار سے زائد طلبہ کا تعلیمی سلسلہ منقطع ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ اتنی بڑی تعداد میں طلبہ کو ڈراپ کرنے سے ضلع بھر میں نافذ تعلیمی ایمرجنسی پر بھی سوالیہ نشانات لگ گئے ہیں۔ اساتذہ کا کہنا ہے کہ خراب نتائج میں سب سے اہم فیکٹر سکولوں میں انگلش میڈیم سلیبس کا نفاذ ہے سرکاری سکولوں میں داخل ہونے والے طلبہ کی اکثریت نالائق لڑکوں کی ہوتی ہے۔ پنجاب ایس ای ایس ٹیچرز ایسوسی ایشن کے ضلعی صدر عارف کھوکھر کا کہنا ہے کہ خراب نتائج کی ذمہ داری اساتذہ پر ڈالنا مناسب نہیں مار نہیں پیار کے بعداساتذہ کے ہاتھ باندھ دئیے گئے ہیں اور فیل ہونے کے بعد محکمہ کے ساتھ والدین بھی استاد کا گریبان پکڑنے کے لئے بے چین ہیں۔
گوجرانوالہ/سرکاری سکول