سینٹ : سٹیل ملز کی ممکنہ نجکاری کیخلاف اپوزیشن کا واک آﺅٹ
سینٹ : سٹیل ملز کی ممکنہ نجکاری کیخلاف اپوزیشن کا واک آﺅٹ
اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) اپوزیشن جماعتوں نے جمعرات کو سینٹ سے کراچی سٹیل ملز کی ممکنہ نجکاری اور وزراءکی عدم موجودگی پر احتجاجاً واک آﺅٹ کر دیا۔ پیپلز پارٹی نے دھمکی دی ہے کہ سٹیل ملز کی نجکاری کی گئی تو محنت کشوں کے ساتھ مل کر قومی شاہراہ کو بند کر دیا جائیگا۔ عوامی نیشنل پارٹی نے چیئرمین سینٹ کے رویے اور جمعیت علماءاسلام (ف) نے قلعہ عبداللہ کے ضمنی الیکشن میں مبینہ دھاندلی اور پارٹی کے پولنگ ایجنٹ کے اغواءکے خلاف الگ الگ واک آﺅٹ بھی کئے کراچی سٹیل مل کی نجکاری کے بارے میں حکومتی فیصلے کے حوالے سے سینیٹر میاں رضا ربانی نے توجہ مبذول کرانے کا نوٹس پیش کیا تھا تاہم پالیسی بیان دینے کیلئے وزیر صنعت و پیداوار غلام مرتضیٰ جتوئی ایوان میں موجود نہیں تھے سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ حکومت سٹیل مل کی نجکاری کر کے اسے اپنے من پسند کو دینے کی تیاری کر رہی ہے محنت کشوں کو نکالنے کا خدشہ ہے۔ سٹیل ملز کی نجکاری کی گئی تو نیشنل ہائی وے کو بلا ک کر دینگے وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر زاہد خان نے ضمنی سوال کیلئے فلور نہ ملنے پر احتجاج کیا اور کہا کہ چیئرمین سینٹ کا ہمارے ساتھ رویہ درست نہیں ہے۔ وہ اپنی پارٹی کے ارکان کے ہمراہ واک آﺅٹ کر گئے جے یو آئی کے سینیٹر حافظ حمداللہ نے کہا کہ قلعہ عبداللہ کے ضمنی الیکشن میں دھاندلی ہوئی ہے پارٹی کے پولنگ ایجنٹ کو اغواءکر لیا گیا۔ اس پر احتجاجاً جے یو آئی کے سینیٹرز واک آﺅٹ کر گئے۔ پارلیمانی امور کے وزیر شیخ آفتاب نے ایوان کو یقین دہانی کرائی کہ آج کی تاریخ تک حکومت کا سٹیل مل کی نجکاری کا کوئی ارادہ نہیں جس کے بعد چیئرمین سینٹ نے اس معاملے پر حکومت کو آج منگل کو جواب دینے کا پابند کر دیا۔ قائد ایوان راجہ ظفر الحق نے کہا کہ آج منگل کو وفاقی وزیر صنعت و پیداوار سٹیل ملز کے معاملے پر توجہ دلاﺅ نوٹس کا جواب دینگے۔ سینٹ میں کورم کی نشاندہی کے بعد گنتی پر ارکان کی تعداد پوری نکلی۔ چیئرمین سینٹ سید نیئر حسین بخاری نے ملک میں گندم کی پیداوار اور طلب کے حوالے سے سوال آئندہ اجلاس تک موخر کر دیا۔ عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما سینیٹر زاہد خان نے ایک سوال پر ضمنی سوال کی اجازت نہ دیئے جانے کے خلاف ایوان بالا سے واک آﺅٹ کیا۔ چیئرمین سینٹ سید نیئر حسین بخاری نے غیر قانونی سموں سے متعلق سوال آئندہ اجلاس تک موخر کر دیا۔ سٹیٹ بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تیسری سہ ماہی کی رپورٹ ایوان میں پیش کر دی گئی۔ چیئرمین سینٹ سید نیئر حسین بخاری نے موبائل فون کمپنیوں کے نائٹ پیکجز کا معاملہ متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا اور ہدایت کی ہے کہ کمیٹی اس کی تحقیقات کر کے اپنی رپورٹ پیش کرے۔ وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے بتایا کہ ایف سکس ون اور ایف سکس تھری کے انکوائری دفاتر میں سی ڈی اے ملازمین کی تعیناتی کا دورانیہ تین سال ہے اس سے زیادہ عرصہ گزارنے والے افسران کو تبدیل کر دیا جائے گا۔ 2012-13ءکے دوران گندم کی پیداوار دو کروڑ 43 لاکھ ٹن، چینی کی پیداوار 48 لاکھ ٹن اور چاول کی پیداوار 45 لاکھ ٹن ہوئی ہے، گندم کی قلت اور قیمتوں میں اضافے پر قابو پانے کے لئے گندم کی درآمد کا فیصلہ کیا گیا، صورتحال جلد بہتر ہو جائے گی۔ شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ لاجز میں فیملی سوٹس کی تعمیر پر 15 فیصد پیش رفت ہوئی ہے، 50 بلاکس دسمبر تک مکمل ہو جائیں گے جبکہ تمام بلاکس آئندہ سال جون تک مکمل ہوں گے۔ راجہ ظفر الحق نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ لاجز کے نئے بلاکس کو سینٹ ارکان کے لئے مختص کیا جا سکتا ہے۔ چیئرمین سینٹ سید نیئر حسین بخاری نے ہدایت کی ہے کہ اسلام آباد کے دیہی تعلیمی اداروں میں مقامی اساتذہ کو ہی تعینات کیا جائے۔
سینٹ/ واک آﺅٹ