آزاد عدلیہ کیلئے آزاد اور مضبوط بار ضروری ہے: چیف جسٹس
آزاد عدلیہ کیلئے آزاد اور مضبوط بار ضروری ہے: چیف جسٹس
اسلام آباد (وقائع نگار) چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے کہا ہے کہ وہ بنچ اور بار کے مابین گہرے روابط پر یقین رکھتے ہیں، انہی روابط کی بنیاد پر بنچ اور بار سائلین کو جلد از جلد انصاف کی فراہمی کو یقینی بنا سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سپریم کورٹ بار کے صدر اسرار الحق میاں کی سربراہی میں عہدیداروں سے ملاقات میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے عدلیہ کے ادارہ کو مضبوط بنانے کے لئے اسی روایت کو قائم رکھتے ہوئے ملک بھر کی بار ایسوسی ایشنز اور بار کونسلز کے عہدیداران کے ساتھ گہرے روابط قائم کئے ہیں، عدلیہ ریاست کا ایک اہم ترین ادارہ ہے جو کہ ملک کے عوام کو انصاف کی فراہمی کا ذمہ دار ہے۔ بنچ اور بار کے مابین انتہائی گہرا تعلق ہے کیونکہ یہ دونوں ہی انصاف کی فراہمی کے نظام کا اہم ترین حصہ ہیں، سائلین کو انصاف کی فراہمی بنچ کی ذمہ داری جبکہ اس عمل میں عدالت کی معاونت بار کی ذمہ داری ہوتی ہے۔ ایک آزاد عدلیہ کے لئے ایک آزاد اور مضبوط بار نہایت ضروری ہوتی ہے۔ سپریم کورٹ بار کے عہدیداروں نے چیف جسٹس کو انصاف کی فراہمی کے نظام سے متعلق متعدد معاملات اور مسائل سے آگاہ کیا۔
چیف جسٹس/ملاقات