سونامی کی باتیں کرنے والے ضمنی الیکشن میں بہہ گئے: الطاف حسین
کراچی (نوائے وقت رپورٹ + آن لائن) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ باطل قوتیں ہمیشہ طاقتور رہی ہیں جبکہ ان قوتوں کو للکارنے والے ہمیشہ کمزور رہے ہیں۔ کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الزام لگایا گیا کہ متحدہ طاقت کے بل پر ووٹ لیتی ہے۔ ایم کیو ایم دہشت گرد جماعت ہے۔ ہمارا مینڈیٹ جعلی ہے۔ ضمنی انتخابات مکمل طور پر فوج کی نگرانی میں ہوئے اور ہمارے مخالف امیدواروں کی ضمانتیں ضبط ہو گئیں۔ لفٹر سے گرنے کے باوجود ایک سیاسی رہنما کو عقل نہ آئی۔ بستر علالت پر بھی الزام لگایا کہ زہرہ شاہد کو الطاف حسین نے قتل کرایا۔ سونامی کی باتیں کرنے والا اور اس کی جماعت 22 اگست کے انتخابات میں بہہ گئے۔ زہرا آپا کے قتل کا مقدمہ چیف جسٹس ازخود نوٹس لے کر چلائیں۔ افسوس سندھ میں ضیاءالحق کے دور کا بلدیاتی نظام نافذ کر دیا گیا۔ ہم نوازشریف کے مینڈیٹ کو تسلیم کرتے ہیں۔ ہمارے مینڈیٹ کا بھی احترام کیا جائے۔ علاوہ ازیں ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ کل کے ضمنی انتخاب میں ایم کیو ایم کی کامیابی سے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو گیا۔ کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ لوگ ایم کیو ایم کے ساتھ ہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق الطاف حسین نے کہا کہ بھارت پاکستانی سرحد کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ خدارا اختلافات بھلا کر سب مسلح افواج کے ہاتھ مضبوط کریں۔ سونامی والے اللہ سے توبہ اور بڑے بول بولنے سے گریز کریں۔ دہشت گردی کے خلاف حکومت کا غیر مشروط طور پر ساتھ دینگے۔