• news

گردشی قرضے ادا کر کے لوڈشیڈنگ کم کر دی‘ توانائی بحران پر تیز رفتاری سے کام کر رہے ہیں: شہباز شریف

لاہور(خصوصی رپورٹر) وزیر اعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ حکومت ملک کو درپیش توانائی بحران کو حل کرنے اور دیگر مسائل سے نمٹنے کے لئے جامع منصوبہ بندی کے تحت کام کر رہی ہے۔ توانائی کے بحران کے حل کیلئے انتہائی تیزی رفتاری سے کام کیا جار ہا ہے۔ چولستان میں قائداعظم سولر پارک کے قیام کے لئے بنیادی کام شروع کر دیا گیا ہے اور اس ضمن میں ایک خود مختار کمپنی قائم کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ ہائیڈل و تھرمل سمیت بجلی پیدا کرنے کے تمام متبادل ذرائع کو بروئے کار لانے کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔ توانائی سیکٹر کے 480ارب روپے کے گردشی قرضے ادا کر کے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کو کافی حد تک کم کر دیا گیا ہے۔ بجلی وگیس چوروں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جارہی ہے اور بجلی و گیس چوری میں ملوث بڑے بڑے فیکٹری مالکان کو گرفتارکرکے مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ لوڈمینجمنٹ سسٹم کے ذریعے عوام کو لوڈ شیڈنگ میں ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔ عالمی بنک تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر بالخصوص توانائی کے شعبے میں اپنی مدد اور معاونت فراہم کرے اور ہائیڈل پاور جنریشن کیلئے دیا میر بھاشا ڈیم کی تعمیر میں مدد کے لئے آگے آئے اور حکومت سے تعاون کرے۔     عالمی بنک کے نائب صدر مسٹر فلپ لی ہورو کی سربراہی میں ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب حکومت نے بجلی کی لوڈمینجمنٹ کے ذریعے سرمایہ کاروں،کاشتکاروں اور عوام کو ریلیف مہیا کرنے کی مخلصانہ کوشش کی ہے۔ سرمایہ کاری کے لئے حالات کو سازگار بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بہتری لانے کے لئے اصلاحاتی پروگرام پر عملدرآمد کر رہی ہے۔ اگلے چند برس میں پنجاب میں سو فیصد شرح خواندگی کا ہدف حاصل کر لیاجائے گا۔ عالمی بنک کے نائب صدر نے کہاکہ پاکستان اور پنجاب میں توانائی، تعلیم، صحت اور انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے عالمی بنک کے ممکنہ تعاون اور مدد کا جائزہ لیا جائے گا۔شہباز شریف نے فورٹ روڈ راولپنڈی کینٹ میں نو تعمیر این ایل سی پبلک پارک کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پارکس ماحول کی خوبصورتی اور شہریوں بالخصوص بچوں کے لئے تفریح اور سیر کا بہترین ذریعہ ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن