ٹرن آﺅٹ 39.61 فیصد رہا، الیکشن کمشن نے نتائج کا اعلان کردیا
اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات کے 38حلقوں میں ہونے والی پولنگ کا ٹرن آوٹ جاری کر دیا جس کے مطابق ضمنی انتخابات میں مجموعی طور پر ٹرن آوٹ 39.61فیصد رہا الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی کیلئے ٹرن آوٹ 37.32فیصد رہا جبکہ صوبائی اسمبلیوں میں ٹرن آوٹ اس طرح رہا پنجاب اسمبلی کیلئے ٹرن آوٹ 36.75فیصد کے پی کے میں 36.63فیصد، سندھ اسمبلی کا ٹرن آوٹ 37.94جبکہ بلوچستان اسمبلی کا 49.42فیصد رہا سب سے کم ٹرن آوٹ کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 254میں صرف 17فیصد رہا جبکہ بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی پی 32جھل مگی میں ٹرن آوٹ 70فیصد رہا۔ الیکشن کمیشن نے قومی و صوبائی اسمبلیوں کی 38 نشستوں پر ضمنی انتخابات کے نتائج کا اعلان کردیا۔ الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر جاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن نے قومی اسمبلی کی 5 ،پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز نے 3 ، تحریک انصاف نے 2 جبکہ عوامی نیشنل پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ نے ایک، ایک نشست حاصل کی، مسلم لیگ ن کے امیدوار عبیداللہ شادی خیل نے سب سے زیادہ 85ہزار 8سو 38 ووٹ حاصل کئے۔ بلوچستان اسمبلی میں ضمنی الیکشن کے بعد مسلم لیگ ن 20 نشستوں کے ساتھ اسمبلی کی اکثریتی جماعت بن گئی۔ مسلم لیگ ن کے امیدوار محمد خان لہڑی پی پی 29نصیر آباد اور پی پی 44 لسبیلہ سے پرنس احمد علی نے کامیابی حاصل کی جبکہ جھل مگسی کی نشست پر آزاد امیدوار نوابزادہ طارق مگسی کامیاب ہوئے۔ پنجاب کی 9 نشستوں پر بھی مسلم لیگ ن کامیاب رہی۔