سرور روڈ، پولیس پر فائرنگ، نامعلوم افراد نے اشتہاری چھڑا لیا
لاہور (نامہ نگار) سرور روڈ کے علاقہ میں سنگین نوعیت کی وارداتوں میں ملوث ملزم کو دن دیہاڑے اسکے ساتھی پولیس ٹیم پر فائرنگ کرکے چھڑا کر لے گئے جبکہ پولیس ملزمان کو پکڑنے کی بجائے جانیں بچا کر سڑک کے دوسری جانب بھاگ نکلے۔ بتایا جاتا ہے تھانہ جنوبی چھاﺅنی کا اے ایس آئی محمد عباس اور دیگر پولیس اہلکار گزشتہ روز عتیق نامی ملزم جو سنگین وارداتوں میں اشتہاری تھا اسے لیکر کینٹ کچہری لا رہا تھا سرور روڈ کے قریب گاڑی میں سوارعتیق کے مسلح ساتھیوں نے پولیس کی گاڑی کو روک لیا اور فائرنگ شرو ع کردی جس سے علاقہ میں خوف وہراس پھیل گیا جبکہ حملہ آور اپنے گرفتار ساتھی عتیق کو ہتھکڑیوں سمیت چھڑا کر لے گئے۔ پولیس ان ملزمان کا تعاقب کرنے کی بجائے سڑک کے دوسری سائیڈ پر چھپ گئی۔ اس دوران مقامی پولیس کو لوگ کال کرتے رہے مگر پولیس موقع پرنہ پہنچی۔ اعلیٰ پولیس حکام نے اس واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔ عتیق ایک پولیس اے اےیس آئی کے قتل میں ملوث اور اسکے سر کی قیمت پانچ لاکھ روپے مقرر تھی۔