ضمنی الیکشن، پاشا کے بیرون ملک ہونے کی وجہ سے سونامی لاوارث ہو گئی:حاجی عدیل
اسلام آباد (آئی این پی) عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر نائب صدر سینیٹر حاجی عدیل نے کہا ہے کہ ضمنی الیکشن کے نتائج سے ثابت ہو گیا عمران خان کی مقبولیت مصنوعی تھی۔کمپیوٹرائزڈ سونامی بنایا گیا‘ گیارہ مئی کو کمپیوٹر کا بٹن دبا کر اے این پی کو ہرایا گیا تھا۔ ضمنی انتخابات میں جنرل شجاع پاشا کے ملک سے باہر ہونے کی وجہ سے سونامی لاوارث ہوگئی۔ عمران خان خیبرپختونخوا سے 90 روز میں کرپشن کے خاتمے‘ ڈرون حملے روکنے بصورت دیگر نیٹو سپلائی روکنے سمیت کوئی ایک وعدہ بھی پورا نہیں کرسکے۔ ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کی جانب سے نوشہرہ اور لکی مروت میں خواتین کو ووٹ کے حق سے محروم کرنے کی مذمت کرتے ہیں‘ پیپلز پارٹی نے اپنے پانچ سالہ دور میں عوامی مفاد کیلئے بہت کام کئے تھے۔ وہ جمعہ کو پارلیمنٹ ہاﺅس میں صحافیوں سے بات چیت کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی مقبولیت مصنوعی تھی اور کمپیوٹرائزڈ سونامی بنایا گیا تھا حالانکہ کمپیوٹرائزڈ سونامی کا پہلا شو لاہور میں ہوا تھا مگر گیارہ مئی کو کمپیوٹر کا بٹن دبا کر صوبہ خیبرپختونخو ا میں سونامی کو جتوایا گیا۔