بھارت میں ایک اور درندگی: خاتون صحافی کیساتھ اجتماعی زیادتی ‘ ساتھی پررسیوں سے باندھ کر تشدد
ممبئی / نئی دہلی (اے ایف پی / این این آئی) بھارت میں 23 سالہ خاتون صحافی کو بھی اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنادیا گیا۔ ملزمان نے متاثرہ خاتون کے مرد دوست کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔ 16 دسمبر 2012ء کو بھی بھارت میں ایک لڑکی کو اجتماعی جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد چلتی بس سے باہر پھینک دیا تھا جو بعدازاں دم توڑ گئی تھی۔ پولیس کے مطابق بھارتی شہر ممبئی میں ایک انگریزی میگزین کی 23 سالہ فوٹو جرنلسٹ اپنے مرد ساتھی کے ہمراہ شکتی ملز ایریا میں عمارات کی فوٹو شوٹ کیلئے گئی تو 5 افراد نے خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا دیا۔ ملزمان نے خاتون کے ساتھی کو رسیوں سے باندھ کر تشدد کا نشانہ بنایا۔ متاثرہ خاتون کو زخمی حالت میں ہسپتال داخل کرا دیا گیا ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے جبکہ کئی مشتبہ افراد کوحراست میں لے کر پوچھ گچھ شروع کر دی گئی ہے۔ بھارت کی ریاست مہاراشٹر کے وزیر داخلہ آر آر پائل نے ہسپتال میں متاثرہ خاتون سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ یہ معاملہ انتہائی اہم ہے، ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائیگا۔