• news

”ڈی آئی خان واقعہ“: وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے انکوائری کمیٹی کو بیان ریکارڈ کرایا

”ڈی آئی خان واقعہ“: وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے انکوائری کمیٹی کو بیان ریکارڈ کرایا

پشاور (این این آئی) خیبر پی کے کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے گزشتہ روز ڈیرہ جیل توڑے جانے کے واقعہ کی انکوائری کمیٹی کے سامنے اپنا بیان قلمبند کر کے طرز حکمرانی کی نئی مثال قائم کر دی۔ تفصیلات کے مطابق ڈیرہ جیل واقعہ کی تحقیقات کیلئے قائم کردہ انکوائری کمیٹی ایس ایم بی آر وقار ایوب کی سربراہی میں تحقیقاتی رپورٹ مرتب کر رہی ہے جس کے ممبران میں اے آئی جی سپیشل برانچ اور سپیشل ہوم سیکرٹری شامل ہیں۔ کمیٹی کے اراکین نے اپنی ٹی او آرکی روشنی میں وزیراعلیٰ پرویز خٹک کا بیان قلمبند کیا ۔ وزیراعلیٰ نے کمیٹی کی طرف سے کئے گئے مختلف سوالوں کے جوابات بھی دیئے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پرویز خٹک کا پشاور میں جہاں سے بھی قافلہ گزرتا ہے تو پولیس کے ہوٹر بجتے ہیں نہ سڑکیں بند ہوتی ہیں، ٹریفک رکتی ہے نہ عوام کو پریشانی ہوتی ہے۔ وزیراعلیٰ ضروری حفاظتی اقدامات سے بھی گریز کرتے ہیں۔ ان کے قافلے میں سیکورٹی کی صرف چار گاڑیاں ہوتی ہیں۔ سیکورٹی کی گاڑیوں کو اکثر سائرن بجانے کی اجازت نہیں دی جاتی۔ جمعرات کے روز پشاور سے نوشہرہ جاتے ہوئے پشاور بس اڈا کے قریب وزیراعلیٰ پرویز خٹک کی گاڑی کئی منٹ تک ایک ریڑھے کے پیچھے آہستگی سے چلتی رہی اور ریڑھے والے کو پتہ بھی نہ چلا کہ اس نے وزیراعلیٰ کا قافلہ روک رکھا ہے۔ اسی طرح پشاور سے نوشہرہ تک کے سفر کے دوران مختلف گاڑیاں وزیراعلیٰ کی گاڑی کو اوور ٹیک کرتی رہےں اور ایک موٹر کار جس پر مسلم لیگ (ن) کا پرچم لگا ہوا تھا اور اس کے پیچھے شیر کی ایک بڑی تصویر بھی تھی، وزیراعلیٰ کی گاڑی سے ریس لگانے کی کوشش کرتی رہی تاہم پولیس یا سیکورٹی نے مسلم لیگ کے متوالے کو نہیں روکا اور مسلم لیگی متوالا وزیراعلیٰ کی گاڑی کو اوور ٹیک کر کے خوش ہوتا رہا۔ وزیراعلیٰ پرویز خٹک اپنے ہمراہ سفر کرنیوالے پولیس کمانڈوز کو ہدایت کر رکھی ہے کہ وہ عوام کے ساتھ سختی سے پیش نہ آئیں۔
پرویز خٹک

ای پیپر-دی نیشن