• news

ینگ ڈاکٹرز کا برطرفیوں، نشستیں ختم کرنے کیخلاف پیر سے ہڑتال کا اعلان

ینگ ڈاکٹرز کا برطرفیوں، نشستیں ختم کرنے کیخلاف پیر سے ہڑتال کا اعلان

لاہور (نیوز رپورٹر) ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پنجاب نے حکومت کی جانب سے لاہور سمیت پنجاب کے 7 ہسپتالوں سے ہاﺅس آفیسر ڈاکٹروں کی 199 نشستیں ختم کرنے اور جنرل ہسپتال کے 62 ہاﺅس آفیسر ڈاکٹروں کو برطرف کئے جانے کیخلاف احتجاجی تحریک کا اعلان کر دیا ہے جس کے تحت پیر سے جنرل ہسپتال لاہور میں جزوی ہڑتال کی جائیگی جو آئندہ تین روز تک جاری رہے گی۔ اس بات کا اعلان نیگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پنجاب کے صدر ڈاکٹر جاوید آہیر، ڈاکٹر عامر بندیشہ، ڈاکٹر رائے احمد اور دیگر نے جنرل ہسپتال میں 62 برطرف پیڈ ہاﺅس جاب ڈاکٹروں کے ہمراہ ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ینگ ڈاکٹروں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ انہوں نے کہا صوبہ بھر میں 199 ہاﺅس جاب آفیسرز کی سیٹوں کو ختم کرنا غریب مریضو سے علاج معالجہ کا حق چھیننے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا محکمہ صحت کی بیوروکریسی اوچھے ہتھکنڈوں سے باز نہ آئی اور تمام ڈاکٹروں کو بحال کر کے 199 سیٹوں کو بحال نہ کیا گیا تو احتجاج کا سلسلہ لاہور سمیت صوبہ بھر کے ہسپتالوں تک بڑھا دیا جائے گا اور وائے ڈی اے اپنے حق سے کسی صورت دستبردار نہیں ہو گی ۔ حکومت نے اپنا فیصلہ آئندہ تین روز تک واپس نہ لیا تو بدھ کو وائے ڈی اے کی سنٹرل کمیٹی کے اجلاس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کرتے ہوئے احتجاج کا دائرہ پورے صوبے میں مرحلہ وار پھیلانے کا اعلان کر دیا جائیگا ۔
ینگ ڈاکٹرز

ای پیپر-دی نیشن