بجلی کا شارٹ فال 2600 میگاواٹ ہو گیا، غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ دوبارہ شروع
بجلی کا شارٹ فال 2600 میگاواٹ ہو گیا، غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ دوبارہ شروع
لاہور+ننکانہ صاحب(نیوز رپورٹر+ نامہ نگار) ملک میں بجلی کا شارٹ فال بڑھ کر 2600 میگاواٹ ہو گیا ہے۔ پنجاب کے بڑے شہروں میں چھ سے آٹھ اور دیہات میں دس سے بارہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ایک بار پھر شروع ہو گئی ہے۔ محکمہ این ٹی ڈی سی کے ترجمان کے مطابق ملک میں اس وقت بجلی کی پیداوار 13200 اور طلب 15800 میگا واٹ ہے، اسی طرح شارٹ فال بڑھ کر 2600 میگاواٹ ہو گیا ہے، ترجمان کے مطابق ہائیڈل سے 5300، تھرمل سے 1870 اور آئی پی پیز سے 6300 میگا واٹ بجلی فراہم کی جا رہی ہے، شارٹ فال میں اضافے کے باعث لاہور، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ، گجرات، منڈی بہاءالدین اور دیگر بڑے شہروں میں چھ سے آٹھ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے جس کے باعث کاروباری زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے، جبکہ دیہات میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ دس سے بارہ گھنٹے تک پہنچنے سے ٹیوب ویل بند رہنے کے باعث فصلیں تباہ ہو رہی ہیں۔ ننکانہ صاحب اور گردونواح میں بجلی کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوجانے کے باعث لوگوں کوشدید مشکلات کاسامنا رہا۔ شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف اور وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف سے مطالبہ کیا ہے کہ ننکانہ صاحب میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے سلسلے کو فی الفور ختم کرایا جائے تاکہ لوگوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہوسکے۔
لوڈشیڈنگ