کالاباغ ڈیم بنایا تو وفاق کی سالمیت خطرے میں پڑ جائیگی: احسن اقبال
لاہور (نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ کالاباغ ڈیم نہیں بن سکتا کیونکہ اس پر سندھی عوام کے شدید تحفظات ہیں۔ اگر اسے بنایا گیا تو وفاق کی سالمیت خطرے میں پڑجائیگی، بھاشا ڈیم پر کام تیز کردیا ہے۔ یہ بات انہوں نے انسٹیٹیوشن آف انجینئر آف پاکستان کی عید ملن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہر سال 35لاکھ ایکڑ پانی سمندر کی نذر کردیتے ہیں، جب ہم اپنا پانی ذخیرہ نہیں کر سکتے تو ہمیں بھارت سے پانی روکنے پر احتجاج کا کوئی حق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ دس سال میں ملک میں پانی کی قلت شدت اختیار کرنیوالی ہے۔ وفاقی وزیر نے آئی ای بی کی طرف سے مطالبے پر انجینئرز کیلئے فوری سروس سٹرکچر بنانے کا بھی اعلان کیا۔ چیئرمین واپڈا راغب علی شاہ نے کہا کہ انجینئرز کو انکا صحیح مقام ملنا چاہئے، ان کی تذلیل کی جاتی ہے جو درست نہیں۔ انہوں نے کہا بھاشا ڈیم بروقت تعمیر ہوگا اور دوسرے ڈیم بھی تیزی سے بنائے جائینگے۔ دریں اثناءوفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا اتفاق رائے کے بغیر کالاباغ ڈیم کے منصوبے پر کام شروع نہیں ہو سکتا، اس ڈیم پر سندھ اور خیبر پی کے کے عوام کو تحفظات ہیں۔