• news
  • image

کشمیریوں کے خون سے جلائی گئی شمع آزادی روشن رکھیں گے:مشعال ملک

کشمیریوں کے خون سے جلائی گئی شمع آزادی روشن رکھیں گے:مشعال ملک

اسلام آباد /میرپور (این این آئی) ممتاز کشمیر ی لیڈر یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہاہے کہ کشمیریوں کے خون سے جلائی گئی تحریک آزادی کشمیر کی شمع کو ہرحال میں روشن رکھیں گے۔ ایک لاکھ سے زائد کشمیریوں کی شہادت رائیگاں نہیں جائے گی۔ وادی کشمیر میں مدفن معصوم کشمیری پھولوں کی نعشیں پکار پکار کرعالم اسلام سمیت اقوام متحدہ سے مطالبہ کررہی ہیں کہ کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق دیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار ممتاز کشمیر ی لیڈر محمد یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے جموں کشمیر ہیومن رائٹس کمیشن کے چیئرمین ہمایوں زمان مرزا سے ملاقات میںکیا ۔مشعال ملک نے کہا کہ پوری دنیا کا امن کشمیر سے وابستہ ہے ، مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پاکستان کا کردار قابل تحسین ہے ،عالمی برادری اور اقوام متحدہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں۔
پاکستان کی ہرحکومت نے کشمیریوں کی اخلاقی سیاسی وسفارتی مدد جاری رکھی اور دنیا کے ہر فورم پر اس دیرینہ مسئلہ کے حل کی ضرورت پر زور دیا ۔انہوں نے کہاکہ بھارتی افواج کی طرف سے کشمیری قائدین کی بلاجواز گرفتاریاں بین الاقوامی قوانین کی خلاف وزری اور انسانی حقوق کی بدترین پامالی ہے ہم عالمی برادری اوراقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بانکی مون سے بھرپور مطالبہ کرتے ہیں کہ مقبوضہ وادی میں جاری انسانی حقوق کی پامالیوں کانوٹس لیں اور بھارتی حکومت کو پابند کیاجائے کہ وہ گرفتار کشمیری قائدین کو فوراً رہا کرے اور انہیں آزادی کے ساتھ کہیں بھی آنے جانے دیاجائے ۔اس موقع پر چیئرمین جموں کشمیر ہیومن رائٹس کمیشن ہمایوں زمان مرزا نے مشعال ملک سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کشمیریوں کا مقدر ہے بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں طاقت کے بل بوتے پر غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے جبکہ بھارتی فوج آئے روز مقبوضہ کشمیر اور آزادکشمیر میں گولہ باری اورفائرنگ کرکے معصوم اور مظلوم کشمیریوں کو شہید کررہی ہے کشمیریوں کا بے گناہ قتل رائیگا ں نہیں جائے گا اور انشاءاللہ کشمیری آزادی کی نعمت سے سرفراز ہوں گےا۔ہمایوں مرزا نے مشعال ملک سے کہا کہ جموں کشمیر ہیومن رائٹس کمیشن کشمیری شہداءاور ان کے عظیم والدین کو خراج تحسین پیش کیا۔
مشعال ملک

epaper

ای پیپر-دی نیشن