بھارت کنٹرول لائن کی خلاف ورزی بند کرے‘ مسئلہ کشمیر پر پل کا کردار ادا کر سکتے ہیں: جرمن نمائندہ
اسلام آباد (این این آئی) پاکستان میں جرمنی کے اعلیٰ نمائندے ساﺅتھ ایشیاءکے ریجنل ڈائریکٹر جنرل سیگ فرائیڈ ہرزوگ اورسینئر نمائندے کلرہوف نے کہاہے کہ کشمیر دنیا کے نقشے پر اپنی ایک شناخت اور خوبصورتی کے اعتبار سے بے مثال خطہ ہے اس کے سیاسی جغرفیائی پس منظر کو عالمی سطح پر بڑی اہمیت حاصل ہے بالخصوص ریاست جموں کشمیر کے عوام کی سیاسی جدوجہد نے عالمی تناظر میں وہ مقام حاصل کیا جو بہت کم ممالک کو حاصل ہے کشمیر کے عوام نے اپنی آزادی کیلئے جو طویل اور صبر آزما جدوجہد جاری رکھی ہوئی ہے یقینا وہ اپنے مقصد میں کامیاب ہوں گے کشمیر میں بڑی قربانیاں دی گئی ہیں اور بھارت کی افواج نے کشمیر میں قتل وغارت گری کرکے ایک قوم کے جذبہ آزادی کو دبانے کی جو کوشش کی اس میں بھارت ناکام ہوا جرمنی کے عوام، انسانی حقوق کی رکن اور اس کا میڈیا کشمیری عوام کے کاز کی سپورٹ کرتاہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں جموں و کشمیر ہیومن رائٹس کمشن کے چیئرمین ہمایوں زمان مرزا سے مقبوضہ جموں و کشمیر اور تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاجرمنی کی حکومت نے مسئلہ کشمیر کے پرامن اورکشمیریوں کی مرضی ومنشا کے حل پر زور دیاہے۔ بھارت کی جانب سے مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی پامالیاں بند اور سیاسی قیدیوں کوآزادکرنا چاہیے تاکہ دونوں اطراف کی سیاسی قیادت مل بیٹھ کر مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کی جانب مشترکہ لائحہ عمل مرتب کرسکے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے حالیہ دنوں میں لائن آف کنٹرول کی شدید خلاف ورزی اور شہری آبادی پر گولہ باری سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید کشیدہ ہوئے ہیں بھارتی حکومت کو ایسے اقدامات سے گریز کرنا چاہیے جس سے ایٹمی صلاحیت کے حامل دو ممالک کے درمیان جنگ کی سی صورتحال پیدا ہو۔ انہوں نے کہاکہ ہم کشمیری عوام کے حق خودارادیت کیلئے دونوں ممالک کے درمیان پل کا کردار کرسکتے ہیں۔