نصیر آباد: فائرنگ ‘ ڈی پی او سمیت 3 اہلکار زخمی ‘ کشمور میں چوکی پر حملہ‘شکارپور: کوچ پر فائرنگ ایک مسافر جاں بحق‘5 زخمی
کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) ڈیرہ مراد جمالی نوتال تھانے کی حدود میں ڈی پی او نصیر آباد کی گاڑی پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی جس میں ڈی پی او طاہر علاﺅ الدین سمیت تین اہلکار زخمی ہو گئے۔ علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا، ڈی پی او کوئٹہ جانے والے مسافروں کی گاڑیوں کے قافلے کی قیادت کر رہے تھے۔ ادھر کشمور میں پولیس چوکی آر ڈی 36پر مسلح افراد نے راکٹوں سے حملہ کر دیا۔ مسلح افراد اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا تاہم جانی نقصان نہیں ہوا۔ علاوہ ازیں مستونگ کے علاقے دشت میں نامعلوم افراد نے ایک اور آئل ٹینکر پر فائرنگ کر کے آگ لگا دی۔ علاوہ ازیں ایرانی سکیورٹی فورسز نے غیرقانونی طور پر ملک میں داخل ہونے والے 35 پاکستانی باشندے گرفتار کرکے تفتان بارڈر پر لیویز فورس کے حوالے کر دیا۔ دریں اثنا ڈیرہ مراد جمالی میں نامعلوم افراد نے موٹر سائیکل پر نصب دو کلو وزنی بم کو ناکارہ بنا دیا۔علاوہ ازیں شکار پورمیں قومی شاہراہ پر لکھی غلام شاہ کے مقام پر نامعلوم افراد نے مسافر کوچ پر فائرنگ کر دی جس سے ایک مسافر جاں بحق اور 5زخمی ہو گئے۔