ابتدائی دو میچوں میں کامیابی پر حوصلے بلند ہوئے‘ کھلاڑیوں کا فٹنس لیول بہتر رہا تو ایشیا ہاکی کپ جیتیں گے: اجمل لودھی
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی ٹیم کے کوچ اجمل لودھی نے ایشیا کپ کے مسلسل دو میچوں میں کامیابی کو کھلاڑیوں کی محنت کا نتیجہ قرار دیا ہے تاہم سیمی فائنل اور فائنل میچ قومی ٹیم کے لیے اہمیت کے حامل ہیں۔ پاکستان ٹیم کے کوچ اجمل خان لودھی نے ملائیشیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں کا مورال بلند ہے میزبان ملائیشیا کے خلاف تمام کھلاڑی نے ٹیم ورک کا مظاہرہ کرتے ہوئے کھیل پیش کیا جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ پاکستان ٹیم کو اچھے مارجن سے کامیابی ملی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہاکی ورلڈ لیگ میں قومی ٹیم کے زیادہ تر کھلاڑیوں کو فٹنس مسائل کا سامنا رہا تھا تاہم ابھی تک ایشیا کپ میں کھلاڑیوں کا فٹنس لیول بہت بہتر ہے اگر کھلاڑی اسی طرح فٹ اور فارم میں رہے تو اس بات میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان ٹیم ایشیا کپ کا ٹائٹل جیتنے میں کامیاب ہو جائے گی۔ اجمل لودھی کا کہنا تھا کہ ہماری تمام توجہ ایشیا کپ کے ٹائٹل کو حاصل کرنے پر ہے اس سے کم کوئی سوچ نہیں سوچی جا سکتی۔ قوم سے اپیل ہے کہ وہ پاکستان ٹیم کے حق میں دعا کرئے تاکہ ایشیا کپ کے سیمی فائنل اور فائنل میں بھی ہمارے کھلاڑیوں کا ردھم برقرار رہے جو کہ اس نے پہلے دو میچوں میں دکھایا ہے۔ ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے مسلسل دوسرے میچ میں پاکستان ٹیم کی کامیابی پر سابق کپتان ایم عثمان نے ٹیم کے کھلاڑیوں اور مینجمنٹ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں کی باڈی لینگویج ایسی ہے کہ ٹورنامنٹ جیت سکتی ہے۔ خصوصی گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ پاکستان ہاکی کے روشن مستقبل کے لیے انتہائی ضروری ہے، پاکستان ٹیم نے ٹورنامنٹ کا آغاز جاپان کے خلاف بڑے مارجن 7-0 سے جبکہ میزبان ملائیشیا کے خلاف 4-1 سے کامیابی سے کیا ہے جو پاکستان ٹیم کے لئے خوش آئند ہے۔ ایم عثمان کا کہنا تھا کہ اچھی بات یہ ہے کہ فاروڈ لائن نے ملائیشیا کے خلاف اچھے کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے گول کرنے کے مواقع ضائع نہیں کئے ہیں۔ ٹورنامنٹ میں پاکستان ٹیم کا اگلا میچ چائینز تائپے کے ساتھ ہے لہٰذا اس میچ کو بھی آسان نہیں لیا جانا چاہئے۔